جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانیوالا ملزم گرفتار، 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے 

  جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانیوالا ملزم گرفتار، 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایف آئی اے نے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے مرکزی ملزم میاں طارق کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی  اے کے مطابق میاں طارق کوسائبر کرائم ونگ نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون سے گرفتار کیا اور اس کے گھر سے ویڈیو بھی برآمد کی گئی جس کا فرانزک کرالیا گیا ہے۔احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے بیان حلفی میں میاں طارق کا بھی ذکر کیا ہے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم میاں طارق محمود کا تعلق ملتان سے ہے اور وہ دبئی فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔ایف آئی  اے نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا جہاں جج نے ملزم سے سوال کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہیں گے؟ اس پر ملزم میاں طارق نے الزام لگایا کہ اسے گرفتار کرکے تشدد کیا گیا جس سے اس کی ہڈیاں ٹوٹ چکی ہیں۔ایف آئی اے نے ملزم سے تفتیش کیلئے عدالت سے اس کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم میاں طارق محمود کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کو 19 جولائی کو میڈیکل رپورٹ کے ساتھ پیش کریں۔

میاں طارق گرفتار

 اسلام آباد  (مانیٹر نگ ڈیسک) احتساب عدالت کے او ایس ڈی جج ارشد ملک اور وزارت قانون کی درخواست پر ویڈیو سکینڈل میں ملوث ملزمان کیخلاف ایف آئی اے سائبر کرائم نے مقدمہ درج کر لیا گیا، جج ارشد ملک نے ویڈیو بلیک میلنگ اور عدلیہ کیخلاف گھناؤنی سازش میں ملوث تمام کرداروں کیخلاف فوری کارروائی کی درخواست کی تھی۔جج ارشد ملک اور وزارت قانون کی جانب سے دی جانیوالی درخوا ست پر ایف آئی اے نے سائبر کرائم دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق جج ارشد ملک نے موقف اختیار کیا کہ 2000ء سے 2003ء تک میری تعیناتی بطور ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ملتان تھی، اس دوران میاں طارق نے مجھے نشہ آور اشیا پلائی اور نازیبا ویڈیو بنائی، اس نازیبا ویڈیو کے ذریعے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی، اس بات کو کئی سال گزر گئے، چند ماہ پہلے یہ ویڈیو مسلم لیگ ن کے رکن میاں رضا کو بیچی گئی۔جج ارشد ملک نے موقف اختیار کیا اس ویڈیو کی بنیاد پر مجھے ناصر جنجوعہ، ناصر بٹ، خرم یوسف اور مہر غلام جیلانی نے بلیک میل کیا، بلیک میل کے ذریعے مجھے نواز شریف کو کیسز میں مدد کرنے کا کہا گیا۔ایف آئی آر میں جج ارشد ملک نے درخو ا ست میں کہا بلیک میلر مجھ سے کہلوانا چاہتے تھے میں نے مخصوص طبقے کے کہنے پر مخالف فیصلہ دیا، بلیک میلنگ کے ذریعے مجھے جاتی امرا میں نواز شریف اور مدینہ میں حسین نواز سے ملوایا گیا۔انہوں نے موقف اختیار کیا ان دونوں ملاقاتوں کی مزید بلیک میلنگ کیلئے خفیہ آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کی گئی۔ 6 جولائی کو مریم نواز، شہباز شریف اور دیگر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب پریس کانفرنس نے مجھے حیران کر دیا، پریس کانفرنس میں صرف مجھے ہی نہیں، عدلیہ اور احتساب کے عمل کونشانہ بنایا گیا، اس سارے عمل کے ذریعے میری، میرے خاندا ن کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال دیا گیا اور میرے کیریئر کو دا ؤ پر لگا دیا گیا، پریس کانفرنس میں دکھائی جانیوالی ویڈیو کو جعل سازی کے ذریعے تبدیل کیا گیا، درخواست کی جاتی ہے بلیک میلنگ اور گھناؤنی سازش میں ملوث تمام کرداروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔

مقدمہ درج

مزید : صفحہ اول


loading...