ملک میں جلد بڑی سرمایہ کاری لے کر آؤں گا: صاحبزادہ عامر جہانگیر

    ملک میں جلد بڑی سرمایہ کاری لے کر آؤں گا: صاحبزادہ عامر جہانگیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر)پاکستا نی برآمدات میں اضافے کے لیے بھر پور کوشش کر رہا ہوں،بہت جلد ملک میں بڑی سرمایہ کاری لے کر آؤں گا۔ یورپ اور یوکے کے تمام ممالک میں پاکستانی پروڈکٹ کے ڈسپلے سنٹر بنائے جائے گئے۔نامور بزنسمین بل گیٹس بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔میں نے وزیر اعظم عمران خان سے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستان کے سفیر اور کمرشل قونصلرز کام نہیں کرتے،کمرشل سیکشنز کو فعال کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان میں سب کے لئے آج بھی ایک قانون نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہاروزیراعظم پاکستان کے ترجمان برائے تجارت و سرمایہ کاری یوکے اینڈ یورپ صاحبزادہ عامر جہانگیر نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل آفس لاہور میں ریجنل چیئرمین عبدالرؤف مختار کی زیر صدارت منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کی صنعتیں چلیں اور ایسی مصنوعات وقت کی ڈیمانڈ کے حساب سے بنائیں تاکہ یورپ اور یوکے میں پاکستان کی ایکسپورٹس بڑھائی جا سکیں۔اس موقع پر پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیئرمین شعیب زاہد ملک نے کہاکہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے مسائل کو حل کر رہے ہیں،انرجی اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین عبدالرؤف مختار نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے صنعتکاروں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہاکہ ٹیکس کے مسئلے میں لوگوں کو آگاہ کرنا ہوگا اس میں صنعتکار خصوصی طور پر ایف پی سی سی آئی اپنا کردار ادا کریں۔ ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر شیریں ارشد خان نے کہاکہ وفود کے تبادلوں سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ملک کی خواتین ملکی معیشت کی بہتری میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔ سندرٹریڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن حشر حمید نے کہاکہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی کی قلت کا سامنا ہے جس کو فوری حل کیا جائے۔ وزیر اعلی شکایت سیل کے وائس چیئرمین ناصر سلیمان، ممبر صوبائی اسمبلی عطا الرحمن، منظور ملک، عرفان قادری، ذکی اعجاز، عرفان کھوکھر سمیت دیگر نے اپنی اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔

مزید :

کامرس -