پرندوں کالاہور ایئرپورٹ پر قبضہ، 7پروازوں کی دوسرے شہروں میں لینڈنگ
لاہور(آئی این پی) لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی اڑان نے پروازوں کی آمد و رفت کو متاثر کردیا، لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی 7پروازوں کا رخ مختلف شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے قریب فضا میں پرندوں کی اڑان کی وجہ سے پروازوں کی لینڈنگ متاثر ہوگئی، لاہور آنے والی کئی پروازوں کے رخ موڑ دئیے گئے۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پیرس سے لاہور آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے)کی پرواز کو سیالکوٹ ایئر پورٹ اتار دیا گیا۔ طیارے میں 300سے زائد مسافر سوار ہیں۔ جدہ سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 760 کا رخ بھی ملتان کی طرف موڑ دیا گیا۔اسی طرح کچھ دیر میں لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کی جانے والی دبئی سے آنے والی غیر ملکی پرواز کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا۔ دوحہ سے آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کو بھی واپس بھیج دیا گیا۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کا رخ پرندوں کی زیادہ اڑان کی وجہ سے موڑا گیا، حفاظتی نقطہ نظر سے یہ قدم اٹھایا گیا۔ترجمان کے مطابق جدہ سے آنے والی پرواز خالی تھی اور اس میں مسافر نہیں تھے، اسی لیے اس کو ملتان اتارا گیا۔ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الوقت لاہور ایئرپورٹ سے پروازوں کو اڑان کی اجازت نہیں دی جا رہی، پرندوں کو بھگانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔
پروازیں