پشاور سے نان کسٹم پیڈ موبائل فونز سمگل کرنے کی کوشش ناکام،1120 برآمد
پشاور(کرا ئم رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے ملکی خزانہ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچاتے ہوئے بڑی تعداد میں نان کسٹم پیڈ موبائل فونز سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے 1120 عددموبائل فون برآمد کر لئے،موبائل فونز کی سمگلنگ میں ملوث سمگلر سوزوکی پک اپ کے ذریعے جدید قیمتی موبائل فونزعلاقہ باڑہ سے سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ تھانہ گلبرگ پولیس نے ناکہ بندی کے دوران گرفتار کر لیا،برآمد کئے گئے موبائل فونز کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی اور دیگر کارروائی کرنے کی خاطر کسٹم انسپکٹر اعزاز درانی کو حوالہ کر دیئے گئے تفصیلات کے مطابق ایس پی کینٹ محمد اشفاق خان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت بڑی تعداد میں غیر قانونی طریقے سے درآمد شدہ قیمتی موبائل فونز علاقہ باڑہ سے ملک کے دیگر شہروں کو سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی، اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ نے علاقہ باڑہ اور جمرود کی طرف سے شہر میں داخل ہونے والے تمام راستوں کی نگرانی اور چیکنگ کا عمل مزید سخت کرنے کی ہدایت کی، اے ایس پی حیدر علی اور ایس ایچ او گلبرگ زاہد حسین دیگر نفری پولیس کے ہمراہ اولڈ باڑہ روڈ ناکہ بندی پر موجود تھے کہ اس دوران ایک سوزوکی پک اپ برنگ سفید کو مشکوک جانتے ہوئے روک کر تلاشی لینے پر گاڑی سے لاکھوں روپے مالیت کے 1120عدد قیمتی موبائل فونز برآمد کر لئے، موبائل فون کے سمگلنگ میں ملوث ملزم نے برآمد شدہ موبائل فونز کو غیر قانونی طریقے سے در آمد کرکے علاقہ باڑہ سے ملک کے دیگر شہروں کو سمگل کرنیکا اعتراف کرلیاہے جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے، تمام برآمد شدہ موبائل فونز کو کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی اور مزید کارروائی کی خاطر کسٹم انسپکٹر اعزاز درانی کو حوالہ کر دی گئیں ہیں، جس نے تمام برآمد شدہ موبائل فون کو کسٹم ہاوس منتقل کر دیا ہے