وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا صوبے میں جاری بارشوں سے دریاؤں اور نالوں میں سیلابی پانی پر نظررکھنے کی ہدایت
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبہ میں جاری بارشوں سے پید اصورتحال کے تناظر میں چترال میں گلاف اور دیگر اضلاع بشمول کوہستان، سوات، اپردیر اور بونیر میں دریاؤں اور نالوں میں سیلابی پانی پر چوبیس گھنٹے نظررکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال رہیں اورانہیں مکمل صورتحال سے آگاہ رکھیں۔
جاری خصوصی ہدایات میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ایریگیشن اور سی اینڈ ڈبلیوکی ٹیمیں تمام علاقوں کابذات خود دورہ کریں،دور افتادہ علاقوں اور پہاڑوں میں مکینوں پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ ریلیف اور پولیس لوگوں تک کسی بھی خطرے کی پیشگی اور بروقت اطلاع کو یقینی بنائیں، مون سون کے دوران متعلقہ ادارے چھٹیاں منسوخ کریں اور سٹاف کی موجودگی یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیاکہ بحالی کے کام میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی،ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت ہائی الرٹ رہیں۔