آرمی چیف نے ایسی کیابات کی جسے سن کرمفتی نعیم خوشی سے باغ باغ ہوگئے؟خود ہی کھل کر بتا دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے کہاہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس بات کی ضمانت دی ہے کہ مدارس کے تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے ان کوقومی دھارے میں شامل کیا جائے گا ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیاکامران خان کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمد نعیم نے کہا کہ مدارس اور حکومت ایک پیج پر آرہے ہیں ، ہمیں شکایت یہ ہے کہ ہم تو آگے بڑھ رہے ہیں لیکن بہت سی رکاوٹیں ہیں جن کودور کرنے کی آرمی چیف اور وزیر تعلیم نے یقین دہانی کروائی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد ہے کے مدارس کے طلبہ بھی قومی دھارے میں آئیں، یہ کونسی مشکل بات ہے کہ ایک عالم پائلٹ بھی ہو، ایک عالم ڈاکٹر بھی ہو ، ایک عالم انجینئر بھی ہو ؟ یہ اچھی بات ہے ، ہمارا طلبا مدارس سے پڑھ کر نکلیں گے اور دنیا میں پاکستان کا نا م روشن کریں گے ۔
مفتی محمد نعیم نے کہا کہ جو مسائل ہیں اب ان کوحل کرنا وزارت تعلیم کی ذمہ داری ہے،آرمی چیف سے ملاقات بہت طویل اور مثبت ہوئی ،آرمی چیف نے کہا کہ جہاں مدارس اتنے بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں،وہاں اگر مدارس ان بچوں کو بورڈ کی تعلیم دے لیں تو یہ بچے ڈپٹی کمشنر اور فوج میں بھی آسکتے ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم مدارس کے تشخص کو مٹانا نہیں چاہتے بلکہ ہم چاہتے ہیں جب مدارس کا طالب علم پڑھ کر نکلے تو اس کے پاس دنیا وی تعلیم کی ڈگری بھی موجود ہو۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس بات کی ضمانت دی ہے کہ مدارس کے تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے ان کوقومی دھارے میں شامل کیا جائے گا۔