دوران پولیس سروس پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنا ایک منفردا عزاز ہے: شعیب دستگیر

دوران پولیس سروس پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنا ایک منفردا عزاز ہے: شعیب دستگیر

  

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ دوران پولیس سروس پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنا ایک منفرد اعزاز ہے جسے پنجاب پولیس لاہور کے سب انسپکٹر محمد عرفان نے حاصل کرکے محکمہ اور پوری فورس کی عزت و وقار میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور جیسے تاریخی ادارے سے کیمسٹری جیسے مشکل مضمون میں ڈاکٹر محمد عرفان کی پی ایچ ڈی کی ڈگری فورس میں موجود افسران و اہلکاروں کی محنت اور ذہانت کی عکاسی کرتی ہے کہ پنجاب پولیس کے افسرا ن و اہلکار قابلیت اور صلاحیتوں میں کسی بھی ادارے یا شعبہ سے کم نہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ڈاکٹر محمد عرفان نے اعلی تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ محکمانہ فرائض کی ادائیگی میں بھی ہمیشہ فرض شناسی کو مقدم رکھاجو اس کے پروفیشنلزم، علمی جنون اوربھرپور محنت کا عکاس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس لاہور میں پنجاب پولیس کے سب انسپکٹرڈاکٹر محمد عرفان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔آئی جی پنجاب نے ڈاکٹر محمد عرفان کوقابل قدر کارنامے پر تعریفی سند اور نقد انعام سے نوازا۔ ڈاکٹر محمد عرفان نے آئی جی پنجاب کی جانب سے عزت افزائی اور کیش ایوارڈ پر شکریہ کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمے کے سربراہ سے ملنے والی اس حوصلہ افزائی سے جہاں میرے جذبے اور لگن میں اضافہ ہوا ہے وہیں میری ذمہ داریاں بھی بڑھ گئی ہیں کیونکہ تعلیمی مرتبے میں اضافے سے انسان کی ذہنی و فکری صلاحیتیں بھی بڑھ جاتی ہیں لہذا اب میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنا علم، صلاحیتوں اور قابلیت کوشہریوں کی خدمت اور نصاف کی فراہمی کیلئے پہلے سے زیادہ محنت کے ساتھ صرف کروں گا۔آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ ڈاکٹر محمد عرفان جیسے قابل اور ہونہار افسران واہلکار محکمہ پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کیلئے مستقبل میں بھی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ سب انسپکٹرڈاکٹر محمد عرفان نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے اورحدت کالونی لاہورپولیس اسٹیشن میں بطورانچارج انویسٹی گیشن فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

مزید :

علاقائی -