جمعتہ المبارک کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان کے حکم پر جمعتہ المبارک کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔انہوں نے پولیس افسران و جوانوں کو الرٹ رہنے اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ کورونا ایس او پیز کی پابندی یقینی بنانے کیلئے پولیس افسران مساجد کمیٹیوں اور انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمازی حضرات ماسک، سینیٹائزر اور سماجی فاصلہ کی پابندی یقینی بنائیں۔ نمازِ جمعہ کی ادائیگی سے قبل ہی پولیس کی جانب سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پرسخت چیکنگ عمل میں لائی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایات کی روشنی میں تمام ڈویڑنل ایس پیز،ڈی ایس پیزاور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں مساجد اورامام بارگاہوں سمیت تمام اہم تنصیبات اور حساس مقامات کے حفاظتی انتظامات کا جائز لیتے رہے۔ ڈولفن سکواڈ اورپولیس ریسپانس یونٹ کے اہلکاروں نے شہر کی تمام حساس مساجداور امام بارگاہوں کے گردونواح موثرپٹرولنگ کو یقینی بنایا۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کی ہدایت پرعیدالاضحی اور محرم الحرام کی آمد کے موقع پر عوام الناس کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے جن میں ڈولفن سکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ فورس، سکیورٹی اداروں اور پولیس کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے۔
سرچ آپریشنز کے دوران بائیومیٹرک اور جدید اینڈرائیڈ سیٹ کے ذریعہ تمام مشکوک افراد کو چیک کیا جارہا ہے۔ سرچ آپریشن اورحفاظتی مشقوں کا مقصد شہر میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔