جنوبی پنجاب میں ترقی کا سفر شرو ع ہوچکا، فنڈ ز کی کمی ہو گی نہ کرپشن برداشت کرینگے: عثمان بزدار

  جنوبی پنجاب میں ترقی کا سفر شرو ع ہوچکا، فنڈ ز کی کمی ہو گی نہ کرپشن برداشت ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں اراکین اسمبلی، عمائدین، کارکنوں اور شہریوں نے ملاقات کی،وزیر اعلیٰ نے بلوچی زبان میں حال احوال پوچھا۔وزیر اعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سنے، درخواستیں وصول کیں اور مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر شہر جاؤں گا،عام لوگوں سے ملکر زمینی حقائق سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔میرا اپنے عوام سے مسلسل رابطہ ہے اوریہ تعلق پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ ہم محنت اور اخلاص کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے۔ان عناصر کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے فیتے کاٹے گئے،ہماری حکومت نے اس غلط روایت کا خاتمہ کیاہے۔جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے مختص فنڈز کسی اور مقصد کیلئے ا ستعمال نہیں ہوں گے۔ہماری حکومت جنوبی پنجاب کے فنڈز وہاں کے عوام پرخرچ کرے گی۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کو سابق دور میں بری طرح نظر انداز کیا گیا۔تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار جنوبی پنجاب کو اس کا حق دیاہے۔جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے رول ماڈل بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم کریں گے۔ کسی کرپٹ اہلکار کو برداشت نہیں کروں گا۔پولیس اورانتظامی افسران کو فری ہینڈ دیا ہے۔پنجاب میں میرٹ کویقینی بنایا ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور کہا کہ شجرکاری آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ضروری ہے۔ عوام میں شجرکاری کی اہمیت کا شعور بیدار کرنا ہے۔ پودے کی دیکھ بھال اور حفاظت بھی خصوصی توجہ چاہتی ہے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان سے ملتان پہنچے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت ملتان ائیرپورٹ پراجلاس ہوا،جس میں ملتان کے ترقیاتی پیکیج اورامن عامہ سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں تعمیر و ترقی کا نیا دورشروع ہوچکا ہے۔ملتان ڈویژن کیلئے رواں مالی سال کے بجٹ میں خصوصی فنڈز رکھے گئے ہیں۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو اپنے کام کیلئے لاہور نہیں آنا پڑے گا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے لئے ہماری حکومت کا تحفہ ہے۔ ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف بھی بلاامتیاز ایکشن جاری رکھاجائے۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے متعلقہ افسران فیلڈ میں نکلیں۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں اوربازاروں میں اشیاء ضروریہ کے نرخوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -