پریس افسران دنیا میں کشمیر ایشو، دہشتگردی سے نمٹنے کی کوششوں کو اجاگر کریں، شبلی فراز

پریس افسران دنیا میں کشمیر ایشو، دہشتگردی سے نمٹنے کی کوششوں کو اجاگر کریں، ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کشمیر ایشو، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے انتھک کوششوں، سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں،نوجوانوں کی ترقی سمیت اہم امور کو اجاگر کرنے کیلئے پریس افسران خصوصی توجہ دیں،نو منتخب افسران بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کریں جو ملکی ترقی کیلئے ممد و معاون ثابت ہو گا،پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کا متحرک انداز سے تدارک کرنا ہو گا۔جمعہ کو وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے بیرون ملک تعینات پریس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پریس افسران کو اقوام عالم میں وطن ِعزیز کا نام بلند کرنے کیلئے خلوص ِدل اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سر انجام دینا ہوں گی۔ نو منتخب افسران بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کریں جو ملکی ترقی کیلئے ممد و معاون ثابت ہو گا۔ وزارت ِاطلاعات کا حکومتی اقدامات اور ملکی تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔ یہ کردار عصر حاضر کے چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے اور جدیدمیڈیا رحجانات کو اپناتے ہوئے ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ میزبان ملک کی زبان سیکھنا افسران کی بیرون ملک موثر کارکردگی کے لئے بے حد ضروری ہے۔پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کا متحرک انداز سے تدارک کرنا ہو گا۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہاکہ بیرون ملک پاکستان اور اس کے عوام کی نمائندگی کرنا باعث اعزاز ہے۔ملک کی نمائندگی ایک اہم ذمہ داری بھی ہے،سفارت کار ہر وقت ڈیوٹی پر ہوتا ہے۔

شبلی فراز

مزید :

صفحہ اول -