حلقہ بندیوں میں سیاسی جھکاؤ اور مداخلت برداشت نہیں، چیف الیکشن کمشنر
لاہور(نامہ نگار)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے گزشتہ روز صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر کا دورہ کیا،اس موقع پرحلقہ بندیوں کے حوالے سے اہم اجلاس بھی منعقد ہوا،چیف الیکشن کمشنر نے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور ضلعی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں خالی سیٹوں پر تقرریوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی جبکہ میٹنگ میں ڈویژنل اور ضلعی سطح پر الیکشن کمیشن کے دفاتر کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کے امور کو بھی زیر غور لایا گیا۔اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حلقہ بندیوں کا کام مکمل طور پر شفاف اور غیر جا نبدارانہ طریقے سے سر انجام دیا جانا چاہیے۔حلقہ بندی کمیٹیاں الیکشن کمیشن کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور اس اہم ذمہ داری کو پوری ایمانداری اور غیر جانبداری کے ساتھ نبھائیں۔اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سیاسی جھکاؤ اور مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کو مانیٹر کرنے کیلئے مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو حلقہ بند ی کے تمام مراحل کو مانیٹر کریں گی اور کسی بھی قسم کے جانبدارانہ جھکاؤ اور کوتاہی کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا۔چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں الیکشن کمیشن کے صوبائی اور فیلڈ دفاتر میں خالی سیٹوں پر جلدا ز جلد میرٹ پرتقرریوں کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ الیکشن کمیشن کے دفاتر میں موجود سٹاف کا جائزہ لیا جائے اور انتخابات کے امور کو احسن طریقے سے سر نجام دینے کیلئے عملی طور پر جہاں سٹاف کی کمی ہے وہاں نئی سیٹیں بنائی جائیں۔انہوں نے ہدایات دیں کہ جن اضلاع میں الیکشن کمیشن کو حکومت کی طرف سے زمین مہیا کر دی گئی ہے، ان پلاٹس کو محفوظ کرنے کیلئے فوری طور پر چار دیواری تعمیر کی جائے اور جن اضلاع میں ابھی تک زمین کی نشاندہی نہیں کی گئی وہاں جلد مناسب پلاٹ کی نشاندہی کی جائے تا کہ متعلقہ حکومتی اداروں سے رابطہ کر کے زمین خریدی جا سکے۔ انہوں نے تاکید کی کہ جتنے بھی مقدمات زیر التواء ہیں انہیں جلد نمٹایا جائے اور دفتر میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر