اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں پر کنٹرول یقینی بنایا جائے، نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی

  اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں پر کنٹرول یقینی بنایا جائے، نیشنل ...

  

اسلام آباد (این این آئی) نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے قیمتوں میں نمایاں فرق، ذخیرہ اندوزی اور اجارہ داری کو ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں پر کنٹرول کو یقینی بنایا جائے۔ جمعہ کو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی حکومتوں، وفاقی دارالحکومت، وزارت صنعت، فوڈ سکیورٹی اور دیگر اداروں کے حکام نے شرکت کی۔فنانس ڈویژن کی صوبائی حکومتوں کو اشیائے خوراک و ضروریہ کی بلاتعطل سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ جون 2020ء میں مہنگائی کی شرح 8.6 فیصد ریکارڈ کی گئی، مالی سال کے بارہ ماہ کے دوران مہنگائی میں 10.7 فیصد اضافہ ہوا۔ بریفنگ میں بتایاگیاکہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھ رہی ہیں عالمی مارکیٹ میں بھی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کا رجحان رہا۔کمیٹی نے پولٹری مصنوعات کی ارزاں نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے آکسیجن سلنڈر، ماسک اور سینیٹائزر کی کورونا سے پہلے اور بعد کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔اسلام آباد انتظامیہ کو کم قیمتوں پر ان اشیاء کی فراہمی کی ہدایت کی گئی۔کمیٹی نے پنجاب اور وفاقی دارالحکومت انتظامیہ کی جانب سے آن لائن اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو سراہا۔

پرائس مانیٹرنگ کمیٹی

مزید :

صفحہ آخر -