شہرقائد کے مختلف علاقوں میں باران رحمت برس پڑی

شہرقائد کے مختلف علاقوں میں باران رحمت برس پڑی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہرقائد کے مختلف علاقوں میں باران رحمت برس پڑی، موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، تیز بارش کے ساتھ ہر طرف ٹھنڈی ہواؤں کے بھی ڈیرے ڈال دیئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، گلستان جوہر، کورنگی، اختر کالونی، محمود آباد، منظور کالونی، ملیر، ایم جناح روڈ اور شارع فیصل سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔کراچی کے علاقے ڈینسو ہال، زینب مارکیٹ اور شہر کی مشہور سڑک آئی آئی چندریگر روڈ اور اس کے اطراف میں بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ بارش کے باعث پریس کلب کے قریب کئی درخت گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں پر گرگئے، جبکہ اختر کالونی، کشمیر کالونی، ڈیفنس ویو میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔بارش کے باعث کیماڑی کے علاقے جیکسن میں بجلی کے تاروں میں آگ لگ گئی، شکایت کے باوجود کے الیکٹرک کا عملہ بروقت نہ پہنچ سکا، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھائی۔کراچی کے علاقے صدر میں بارش کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے شہری ٹریفک جام میں پھنس گئے۔دوسری جانب ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں بھی گہرے بادل چھاگئے اور تیزہوائیں چلنے لگیں ہیں، بیوپاریوں نے جانوروں کو بچانے کے لیے انتظامات شروع کردیے۔

مزید :

صفحہ آخر -