کپاس کی بحالی کیلئے متعدد اقدامات جاری، رانا علی ارشد

کپاس کی بحالی کیلئے متعدد اقدامات جاری، رانا علی ارشد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر) کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے قائم کی گئی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدرات ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس رانا علی ارشد نے کی۔اجلاس میں ملتان ڈویڑن میں کپاس کی فصل کی موجودہ صورت حال، آبپاشی کیلئے پانی کی دستیابی، فصل پر کیڑوں و سنڈیوں کا حملہ، کھادوں وزرعی زہروں کی مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پردستیابی و دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس رانا علی ارشد نے کہا کہ صوبہ میں کپاس کی بحالی کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ کپاس سے ہی ملکی معیشت کا مستقبل وابستہ ہے۔ کاشتکاروں، انڈسٹری اور برآمدات کا دارومدار بھی کپاس کی پیداوار سے براہ راست منسلک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو بہتر نگہداشتی امور بارے ایڈوائزری فراہم کرنے کیلئے ڈویڑن کی سطح پر اجلاس منعقد کیے جارہے ہیں۔ڈویڑن کی سطح پر متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے بہتر فیڈ بیک کے حصول اور سفارشات مرتب کرنے کیلئے پندرہ روزہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم سے کپاس پر حملہ آور کیڑوں اور بیماریوں و دیگر نگہداشتی امور بارے سفارشات مرتب کرکے کاشتکاروں تک پہنچائی جارہی ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر کپاس کی پیداوار میں اضافہ اور اسے زیادہ منافع بخش بنایا جاسکتا ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس نے مزید کہا کہ جعلی زرعی ادویات وکھادوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلہ میں مارکیٹ میں زرعی ادویات کے معیار اور قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے تاکہ زرعی زہروں کی افادیت اور کاشتکاروں کی قوت خرید متاثر نہ ہو اور پیداواری لاگت میں کمی بھی واقع ہو۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد نے کپاس کی موجودہ صورت حال بارے اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں سید ظفریاب حیدر، پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید، ڈائریکٹرز زراعت ڈاکٹر صغیر احمد، ڈاکٹر محمد اسلم، شہزاد صابر، نوید عصمت کاہلوں، میاں منظور احمد، راؤ شاہد اختر پی سی پی اے، سلیم ناصر کراپ لائف سمیت ترقی پسند کاشتکاروں سید حسن رضا،محمد الیاس و دیگر نے شرکت کی۔

٭٭٭٭

مزید :

کامرس -