سیاسی اور انتظامی مسائل نا اہلی کی عملی تصویر ہیں‘ محمد فائق شاہ

سیاسی اور انتظامی مسائل نا اہلی کی عملی تصویر ہیں‘ محمد فائق شاہ

  

پشاور(سٹی رپورٹر) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ 73 سال گزرنے کے باوجود پانی، بجلی اور گیس جیسے بنیادی مسائل حل نہیں ہوئے،اس سے حکومتوں کی نااہلی کھل کر سامنے آتی ہے، پورے ملک میں عوام آج تک انہی بنیادی ضروریات کے لئے ترس رہے ہیں حالانکہ پاکستان وسائل اور صلاحیتوں سے مالا مال ملک ہے، ویڈیو لنک کے ذریعے عہدیداروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محمد فائق شاہ نے کہا کہ صرف اقتدار کی ہوس اور نااہل اشرافیہ نے عوام کو محکوم بنایا ہے، حکمران مغرور اور عوام مجبور ہیں، روٹی اور اپنی چھت جس قوم کا خواب ہو وہ صلاحیتوں سے کیسے آگاہ ہوگیانہوں نے کہا کہ گرمیوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور سردیوں میں گیس غائب عوام اپنے معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے کس طرح آگے بڑہیں، صحت اور انصاف تو لوگوں نے کتابوں میں پڑھا ہو گا، اس غاصب طبقے کے خلاف جب تک آواز نہیں بلند کی جائے گی یہ عوام کا استحصال کرتے رہیں گے، امن ترقی پارٹی اسی جدوجہد کو لے کر میدان میں اتری ہے، ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ سیاسی نظام میں حقیقی جمہوریت کا فقدان ہے، اہل لوگ آگے نہیں آسکتے، پارٹیوں پر موورثی سلسلہ جاری ہے جو بڑی رکاوٹ ہے اب وقت آگیا ہے کہ اس سیاسی نظام کو بدلنا ہو گا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -