سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈا پور ٹریفک ہیڈکوارٹرز کا دورہ

سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈا پور ٹریفک ہیڈکوارٹرز کا دورہ

  

پشاور(کرائم رپورٹر) سی سی پی او محمد علی گنڈا پور نے گزشتہ روز ٹریفک ہیڈ کوارٹرز پشاورکا خصوصی دورہ کیا ہے، دورے کے دوران پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سی سی پی او کو سلامی پیش کی،سلامی کے بعد انہوں نے یادگار شہدائے ٹریفک پولیس پر پھول چڑھائے اور ان کی بلند درجات کیلئے دعائے معفرت کی، اس موقع پرایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل، ایس پیز، ڈی ایس پیز، اور دیگر افسران وجوان بھی موجود تھے، ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے سی سی پی او محمد علی گنڈا پور کو پشاور ٹریفک پولیس کی کارکردگی اور ٹریفک کی روانی کیلئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفینگ دی، سی سی پی او نے پولیس افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے مسائل حل کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں انہوں نے شہر میں جاری منصوبے بی آر ٹی کے دوران ٹریفک مسائل پر قابو پانے اورگرد و غبار و آلودگی کوبالائے طاق رکھتے ہوئے مسائل کو حل کرنے پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کو خصوصی طور پر داد تحسین پیش کی، سی سی پی او نے لائسنس جاری کرنے کیلئے ایس ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی منظور شدہ ایس او پی کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے اور ڈرائیونگ سکول کے عمل کو بھی جلد از جلد شروع کریں، اور عوامی سہولت کے پیش نظر ڈرائیونگ سکول کھولنے کے حوالے سے بھی انہوں نے ہدایت کی کہ ڈرائیونگ سکول کو بھی کرونا وائرس کے ایس او پی پر عمل کرتے ہوئے جلد از جلد کھولا جائے سی سی پی او نے واضح کیا کہ کسی اچھے شہر کی پہچان اس کی ٹریفک نظام سے کی جاتی ہے اس لئے ٹریفک کی روانی کیلئے رش والے پوائنٹس پر نفری میں اضافہ کرنے کیساتھ ساتھ تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائے انہوں نے مزید کہا کہ کالے شیشوں کے استعمال، ون ویلنگ اور کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ کے خلاف مہم چلائی جائے، انہوں نے غیر قانونی تجاوزات اور نو پارکنگ زون کے خلاف بھی بلا تفریق کاروائی کرنے کی ہدایت کی،بعد ازاں انہوں نے اشرف روڈ اور یونیورسٹی روڈ جیسے مصروف ترین جگہوں جہاں پر عوام کا کافی رش ہوتا ہے کا دورہ کیا اور،موقع پر موجود ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارکنگ کے نظام میں بہتری لائی جائے اور مصروف سڑکوں پر ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -