مشیراطلاعات کامران بنگش کا اطلاعات وتعلقات عامہ کا دورہ

  مشیراطلاعات کامران بنگش کا اطلاعات وتعلقات عامہ کا دورہ

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے جمعرات کو محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کا دورہ کیا جہاں معاون خصوصی کو سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ارشد خان اور ڈائریکٹر جنرل امداد اللہ نے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں محکمہ اطلاعات کے فنکشنز، پریس کلبز کے لئے گرانٹس، اشتہارات، ریجنل انفارمیشن دفاتر سمیت دیگر اہم امور پر معاون اطلاعات کو آگاہ کیا گیا۔معاون اطلاعات کامران بنگش کو آگاہ کیا گیا کہ اس وقت آٹھ ریجنل دفاتر، کمیونیکیشن سیل، اطلاع سیل اور پانچ ریڈیو سٹیشنز صوبے کی مختلف ریجن میں عوام کو بروقت اور درست مواد پہنچا رہے ہیں۔ اس موقع پر میڈیا کالونی سمیت صحافیوں کے لئے اٹھائے دیگر فلاحی اقدامات بھی زیربحث آئے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش کو بتایا گیا کہ اس وقت تین درجن سے زیادہ ٹی وی چینلز، اخبارات اور سوشل میڈیا کو جدید اور سائنسی خطوط پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ جبکہ ہر محکمہ کو روزانہ کی بنیاد پر خبروں کی تفصیلی رپورٹ بھجوائی جاتی ہے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے اس موقع پر محکمہ اطلاعات و تعلقات عا مہ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ محکمہ اطلاعات حکومت اور عوام دونوں کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس کو درپیش تمام چیلنجز پر قابو پانے کے لئے تمام دستیاب وسائل برو ئے کار لائے جائیں گے۔ عوام تک درست اور بروقت خبریں پہنچانے کے لئے محکمہ اطلاعات کا کردار بہترین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ایمرجنسی کے دوران محکمہ اطلاعات نے فرنٹ لائن پر بہترین ذمہ داری سرانجام دی جو قابل تعریف ہے۔ عیدالاضحٰی پر کورونا سے بچاوٗ کی حفاظتی اقدامات اور تدابیر کے متعلق آگہی پیدا کرنے کے حوالے سے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ پختونخوا ریڈیو کے ذریعے عوام میں آگہی اور شعور اجاگر کرنے کے لئے خصوصی آڈیو مواد تیار کی جائیں جس میں انٹی کورونا کے ساتھ ساتھ صفائی اور صحت مندانہ ماحول برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہو۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے مختلف سیکشنز کا دورہ بھی کیا۔

مزید :

صفحہ اول -