"میرا امریکی صدر منتخب ہونا خداکی جانب سے تقرر ہوگا"معروف گلوکار نے نرالی منطق پیش کردی
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حریف ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کے خلاف صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کرنے والے معروف گلوکار کانیے ویسٹ نے نرالی منطق پیش کردی۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں گلوکار، ریپر، انٹرپرینور اور پروڈیوسر کانیے ویسٹ نے کہا ہے کہ وہ اب ڈونلڈ ٹرمپ کو مزید سپورٹ نہیں کرتےانہوں نے امریکی صدارتی امیدوار اور سابق نائب صدر جوبائیڈن کی اہلیت پر بھی کئی سوالات اٹھائے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کانیے ویسٹ کا کہنا ہے کہ انہیں خدا کی جانب سے اشارہ ملا کہ وہ صدارتی انتخابات لڑیں اور اگر وہ 2020 کے صدارتی انتخابات جیت جاتے ہیں تو ان کی جیت کو خدا کی جانب سے ان کا تقرر سمجھا جائے۔
اپنے انٹرویو میں کانیے نے اعتراف کیا کہ وہ بروقت اپنے کاغذات جمع نہیں کروا پائے اور کئی ریاستوں میں آخری تاریخ گزر گئی تاہم وہ الیکشن لڑنے کے حوالے سے آئندہ 30دنوں میں اپنا حتمی فیصلہ سنادیں گے۔
کانیے کے بقول وہ امریکی صدارتی الیکشن لڑنے کے حوالے سے کئی سالوں سے سوچ رہے ہیں اور اس ضمن میں انہیں جن دو نمایاں شخصیات کی سپورٹ حاصل ہے ان میں ایک ان کی بیوی کم کارڈاشین اور ٹیکنالوجی کی نامور شخصیت ایلن مسک شامل ہیں۔
یاد رہےامریکا کے صدارتی انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے اور انتخابات میں آزاد امیدواروں کی متعدد ریاستوں میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 4 جولائی 2020 تھی تاہم اب بھی کئی ریاستوں میں بطور آزاد امیدوار کے رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔
امریکا کے 46 ویں صدر کے لیے کانٹے کا مقابلہ ریپبلک پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کے جوبائیڈن کے درمیان ہوگا۔
صدارتی انتخابات کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے علاوہ متعدد آزاد اور چھوٹی پارٹیوں کے امیدوار بھی میدان میں اتریں گے۔