”کلبھوشن سے ملاقات کے وقت یہ شخص موجود نہیں ہو گا“ پاکستان نے بھارت کو پیغام پہنچا دیا
اسلام آباد(اے پی پی، این این آئی) پاکستان نے بھارت کو دہشت گردی میں ملوث انڈین جاسوس کمانڈر کلبھوشن جادیو تک تیسری قونصلر رسائی کی پیشکش کردی ہے۔
جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت کو کلبھوشن جادیو تک قونصلر رسائی کی تیسری پیشکش کی ہے۔ بھارت کو رسمی طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔پاکستان کی جانب سے بھارتی جاسوس کو سیکورٹی اہلکاروں کے بغیر قونصلر رسائی دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بتایا کہ قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ جذبہ خیر سگالی کے طور پر کیا گیا اور اس سلسلے میں بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز ہی پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کو کلبھوشن تک رسائی دی تھی تاہم سفارت کاروں نے اس کی ایک نہ سنی اور چلے گئے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن چیخ چیخ سفارتکاروں کو بلاتا رہا اور بھارتی سفارتکاروں نے ایک نہ سنی۔اس سے قبل ستمبر 2019 میں کلبھوشن جادیو کو دی گئی پہلی قونصلر رسائی ویانا کنونشن اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے تحت دی گئی تھی جو 2 گھنٹوں تک جاری رہی تھی۔