پاکستانی مردوں کو دوسری شادی کرنے کی کھلی چھٹی مل گئی؟
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سے مردوں کی دوسری شادی کے متعلق قانون میں ایک ایسی ترمیم کر دی گئی ہے کہ انٹرنیٹ پر ہلچل مچ گئی ہے اور صارفین کا کہنا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے مردوں کو دوسری شادی کرنے کی کھلی چھٹی دے دی ہے۔ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے اس ترمیم شدہ قانون میں قرار دے دیا ہے کہ ”مرد کا چار بیویوں کو نکاح میں رکھنا چائز ہے اور دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی کی اجازت غیرضروری ہے۔“
اس معاملے پر انٹرنیٹ پر ہر دو آراء پائی جا رہی ہیں۔ بعض صارفین استہزائیہ طور پر سہی لیکن مردوں کو مبارکباد دے رہے ہیں لیکن دوسرے سوچ کے حامل لوگ اس ترمیم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔علی آفتاب سعید نامی ایک صارف نے اس معاملے پر ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ”سب بھائی دلی مبارکباد قبول فرمائیں۔“ اس پر صدف نامی خاتون نے جواباً لکھا کہ ”مبارک نہیں، میری طرف سے تعزیت قبول کریں۔ پہلے بہانہ تو ہوتا تھا ناں کہ بیوی نہیں مان رہی۔ اب یہ بہانہ بھی ختم ہو گیا ہے۔ جن سے خرچہ ایک کا نہیں سنبھالا جاتا وہ بھی دوسری شادی کی باتیں کرتے ہیں۔“