پیپلز پارٹی نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا،ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے دوران ادویات کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی شرمناک عمل ہے، برائے نام کورونا فنڈ کے بعد اب ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے بھی اپنی جیبیں بھرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام پر ادویات بم گرانے کی شدید مذمت کرتی ہے، نااہل حکومت فوری طور پر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے،پوری دنیا کی کورونا وبا کے دوران صحت کی سہولیات کی بنا تعطل فراہمی اولین ترجیح ہے اور یہاں اس وبا ء کے دوران بھی عوام کو نہیں بخشا جا رہا،کورونا وباء کے دوران ادویات کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی شرمناک عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ برائے نام کورونا فنڈ کے بعد اب ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے بھی اپنی جیبیں بھرنے کی تیاری کی جا رہی ہے،پیپلزپارٹی موجودہ صورتحال میں ادویات کی قیمتوں میں کسی صورت اضافے کی اجازت نہیں دے گی،موجودہ نااہل حکمران کی کابینہ سکینڈلز کی زد میں آ چکی ہے،آٹا چینی، پٹرول کے بعد حکومت نے ادویات مافیاز کے سامنے بھی گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔