قوم ہوشیار رہے، مودی کی خوشنودی کی خاطر کلبھوشن کو۔۔۔پیپلز پارٹی نے صدارتی آرڈیننس کو مسترد کرتے ہوئے سنگین ترین خدشے کا اظہار کردیا

 قوم ہوشیار رہے، مودی کی خوشنودی کی خاطر کلبھوشن کو۔۔۔پیپلز پارٹی نے صدارتی ...
 قوم ہوشیار رہے، مودی کی خوشنودی کی خاطر کلبھوشن کو۔۔۔پیپلز پارٹی نے صدارتی آرڈیننس کو مسترد کرتے ہوئے سنگین ترین خدشے کا اظہار کردیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی نے بھارتی جاسوس کلبھوشن کی سہولت کاری کے صدارتی آرڈیننس کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم ہوشیار رہے، مودی کی خوشنودی کی خاطر کلبھوشن کو احسان اللہ کی طرح فرار کرایا جا سکتا ہے ،قصائی اور جیب کترا سوچ کی حامل حکومت نے عوام کو سولی پر لٹکانے میں کوئی کمی نہیں چھوڑی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے پارٹی کا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا بھارتی جاسوس کیلئے صدارتی آرڈیننس کو جذبہ خیر سگالی قرار دینا نریندرمودی سہولت کاری کے مترادف ہے ۔نیر بخاری نے کہا کہ اپوزیشن سے ذاتی عناد اور دہشتگردی میں ملوث کلبھوشن کو آزاد کرانے کے جتن اور بھاشن سوالیہ نشان ہیں قوم ہوشیار رہے، مودی کی خوشنودی کی خاطر کلبھوشن کو احسان اللہ کی طرح فرار کرایا جا سکتا ہے۔ نیر بخاری نے کہا کہ پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ کے حصہ صدر ہاوس کے زریعے بے توقیر کیا جارہا ہے صدر ہاوس آرڈیننس فیکٹری بنا دیا گیا ہے ہر شعبہ کی تنزلی کے ذمہ دار حکمران ملک دشمن بھارتی جاسوس کی مددگاری سے عوامی غیض غضب کو دعوت دے رہے ہیں نیر بخاری نے پی ٹی آئی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی سرپرستی میں مافیاز طاقتور ہو کر بحران در بحران کا سلسلہ دراز کرتے چلے جا رہے ہیں، گندم میں خود کفیل ملک میں گندم بحران جنم لینا بیڈ گورنس سے عبارت ہے۔

سید نیر بخاری نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں نے پاکستان کی شناخت قومی ایئر لائن کی ساکھ کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا ہے۔ نیر بخاری نے کہا کہ بے حس حکمرانوں کے دعووں کے باوجود کراچی میں لوگ پندرہ گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے ددرناک عذاب سے دوچار ہیں، پٹرول ،گیس ، بجلی ،اشیا خوردونوش اور ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مہنگائی کا سونامی ہے۔ نیر بخاری نے مزید کہا کہ قصائی اور جیب کترا سوچ کی حامل حکومت نے عوام کو سولی پر لٹکانے میں کوئی کمی نہیں چھوڑی۔ نیر بخاری نے واضح کیا کہ کسی طالح آزما نے اٹھارویں ترمیم کو چھیڑا تو پیپلزپارٹی شدید مزاحمت کرے گی، کم ظرفوں نے سابق اپوزیشن لیڈر اور اپنے حلقے سے مسلسل کامیاب ہونے والے سید خورشید شاہ کو بغیر فرد جرم گرفتارکر کے حلقے کی نمائندگی سے محروم رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم مسائل کے حل کے لئے نوجوانوں کے قائد اور امید پاکستان بلاول بھٹو زرداری کی طرف دیکھ رہی ہے۔

مزید :

قومی -