پنجاب کے حکمران بجلی بحران کے ذمہ دار ہیں: قمرالزمان کائرہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراطلاعات قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ بجلی کی کمی کے ذمے دار پنجاب کے وزیراعلی میاں محمد شہباز شریف ہیں جنہوں نے بجلی کی پیدوار میں ایک میگاواٹ کا اضافہ بھی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آج کل نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے یا جو لوگوں کی جانیں جارہی ہیں اس کی ذمہ داری وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے ساتھی پر عائد ہوتی ہے۔ وزیراطلاعات کا کہناتھا کہ آئندہ 24گھنٹوں میں بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ گیس سے بجلی کی پیداوارکرنے والے پاورپلانٹس میں سے کچھ سالانہ چیکنگ کے سلسلے میں بند پڑے تھے جس کی وجہ سے لوڈ زیادہ ہو جانے کے باعث کچھ پاور جنریشن پلانٹس ٹرپ ہوگئے تھے جوکہ اب کام شروع کردیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گیس سے چلنے والے پاور جنریشن پلانٹس کے لیے گیس کی تقسیم ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ سمجھنا ہوگا کہ گیس گھروں کو بند کرکے پاور پلانٹس کو دی جائے یا صنعتوں کو گیس کی ترسیل روک کر دی جائے۔گیس کی کمی یا بجلی کی کمی کی ذمہ دار موجودہ حکومت نہیں ہے کیونکہ گزشتہ حکومتوں نے گیس سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس لگانے کی اجازت دی جن میں سے 65کے قریب پلانٹس کو موجودہ حکومت نے گیس کی فراہمی معطل کردی لیکن عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے ان کو دوبارہ گیس کی فراہمی شروع کردی گئی۔گیس کے زیادہ استعمال سے گیس کی شدید کمی کا سامنا ہے۔وزیراطلاعات نے کہاکہ بجلی کی فراہمی کے حوالے سے 24گھنٹے میں بہتری آئے گی اوربجلی کی لوڈشیڈنگ شیڈول کے مطابق کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوںنے بتایا کہ اسی حوالے سے آج تین بجے انرجی کمیٹی کی میٹنگ ہورہی ہے۔