ٹیم مینجمنٹ میں ورلڈکپ تک تبدیلی نہیں ہوگی، آصف باجوہ

ٹیم مینجمنٹ میں ورلڈکپ تک تبدیلی نہیں ہوگی، آصف باجوہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


                        لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پی ایچ ایف کے صدر قاسم ضیاءنے کی۔ اجلاس میں پی ایچ ایف کے سیکرٹری آصف باجوہ ،قومی سینئر ہاکی ٹیم کے منیجر اختر رسول اور قومی جونیئر ٹیم کے مینجر رانا مجاہد علی شریک ہوئے ۔اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کی پرفارمنس اور دیگر اہم امور کے بارے میں لائحہ عمل تیار کیا گیا اور ورلڈ ہاکی لیگ میں شرکت کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایچ ایف کے سیکرٹری آصف باجوہ نے بتایا کہ قومی سینئر ہاکی ٹیم کے مینجر اختر رسول نے ٹیم کے کیمپ کے حوالے سے اور جونیئر ہاکی ٹیم کے منیجر رانا مجاہد نے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے دورہ یورپ کے حوالے سے اپنی رپورٹ پی ایچ ایف کو پےش کردی ہے ۔اجلاس میں دونوںمنیجرز کی رپورٹ پر غور کیا گیا اور دونوں ٹیموں کی پرفارمنس میں بہتری اور مستقبل کے لئے لائحہ عمل تیار کیا گیا ۔
رپورٹ کی روشنی میں ورلڈ ہاکی لیگ کے لئے ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا جبکہ کراچی میں شروع ہونے والے کیمپ میں جونیئر کھلاڑیوں کی شمولیت کے بارے میں بھی غو ر کیا گیا ۔آصف باجوہ نے بتایا کہ ٹیم کی مینجمنٹ میں ورلڈ کپ تک کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے ۔مینجمنٹ کو پی ایچ ایف کی طویل المدت پالیسی کے تحت ورلڈ کپ تک برقرار رکھا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے وزیر اعلی میاں شہباز شریف پہلے بھی پی ایچ ایف کو سپورٹ کرتے رہے ہیں اور امید ہے کہ وہ اب بھی پی ایچ ایف کو سپورٹ کریں گے ۔