سعودی فرمانرواکی ایران کے نو منتخب صدر حسن روحانی کومبارکباد
ریاض (اے پی پی) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے ایران کے نو منتخب صدر حسن روحانی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔سعودی عرب کے خبررساں ادارے کے مطابق شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے ایرانی صدر کو صحت اور خوشحالی کا پیغام دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی ہے کہ ایرانی عوام بھی تیز ترقی اور خوشحالی کے ثمرات سے بہرہ مند ہوں۔شاہ عبداللہ نے نو منتخب ایرانی صدر حسن روحانی کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری لانے سے متعلق بیان کو بھی سراہا۔ واضح رہے کہ حسن روحانی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ مملکت سعودی عرب اور ایران کے درمیان مشترکہ تعاون میں دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ اس کا فائدہ خطے کی سیکیورٹی اور استحکام کو پہنچ سکے۔حسن روحانی نے اس بات پر زور دیا تھا کہ سعودی عرب خلیج میں سیکیورٹی جیسے اہم معاملات سے متعلق ایک مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔