زرعی تحقیق میں کامیابیوں کے نتائج سے کاشتکاروں کو آگاہ کرنا ضروری ہے‘ایوب ریسرچ

زرعی تحقیق میں کامیابیوں کے نتائج سے کاشتکاروں کو آگاہ کرنا ضروری ہے‘ایوب ...

  



                            فیصل آباد(اے پی پی) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے سائنسدانوں کی زرعی تحقیق میں حاصل کردہ کامیابیوں کے نتائج سے کاشتکاروں کو آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، ایوب ریسرچ کی تیار کردہ نئی اقسام کی بدولت اگلے پانچ سالوں میں صوبہ پنجاب میں فصلوں ، پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار میں انقلاب برپا ہو جائے گا۔ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ترجمان نے ایک ملاقات کے دوران بتایاکہ حکومت کی طرف سے چھوٹے کاشتکاروں کی ترقی و خوشحالی کےلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور زرعی سائنسدانوں کے تعاون سے ان کے مسائل کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ زرعی تحقیق کا بنیادی مقصد کاشتکاروں کے مسائل حل کرنا ہے اس لئے زرعی سائنسدانوں کو کاشتکاروں سے روابط کو مزید مستحکم بنانا چاہیئے تاکہ ان کے مسائل کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تحقیقاتی ترجیحات مرتب کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ زرعی سائنسدانوں کی تحقیق سے استفادہ کرکے فوڈ سیکورٹی حاصل کی جائے گی اور آب وہوا میں تبدیلیوں اور پانی کی کمی جیسے چیلنجوں کا سامنا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ادارے کی تحقیقاتی ترجیحات میں زرعی پیداوارمیں ویلیوایڈیشن کو متعارف کرانا اور قیمتی پودوں اور فصلوں کی کاشت کو فروغ دینا شامل ہے۔ اس تحقیق کی بدولت زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا اور کاشتکاروں کی آمدنی بھی کئی گنا بڑھے گی۔ انہوں نے بتایاکہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ میں 1035زرعی سائنسدان تحقیق کر رہے ہیںجن میں سے 122 پی ایچ ڈی اور743ایم ایس سی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں کی تحقیق کی وجہ سے اہم فصلوں کے رقبے میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ نئی اقسام کم عرصہ میں پک کر تیار ہوجاتی ہیں ۔

مزید : کامرس


loading...