پنجاب کے بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دیا گیا، رانا ثناءاللہ

پنجاب کے بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دیا گیا، رانا ثناءاللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


                                لاہور ( سپیشل رپورٹر) پنجاب کے وزیر قانون و بلدیات رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف غدار ہے اس نے آئین توڑ ا ان پر آئین کے تحت غداری کا مقدمہ ضرور چلے گا‘پنجاب کے 2013-14ءکے بجٹ میں ملازمین، محنت کشوں اور پنشنرز کو ریلیف دیا گیا ہے‘ جن لوگوں نے ماضی میں خزانے کو لوٹا ان کے احتساب کے لیے وفاقی سطح پر ایک آزاد اور خود مختار ادارہ بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی کاروائی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثناءاللہ خان نے کہاکہ پنجاب کے 2013-14ءکے بجٹ میں پنجاب کے غریب اور متوسط طبقہ کو ریلیف دیا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین، پنشنرز اور محنت کشوں کی اُجرت میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ وسائل رکھنے والے افراد پر ٹیکس لگاکر ان سے وسائل حاصل کرکے غریب عوام پر خرچ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی آبادی 31فیصد ہے جبکہ وہاں ترقیاتی بجٹ 32 فیصد دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں جن لوگوں نے سفاکانہ دہشت گردی کی ہے وہ انسانیت کے دشمن ہیں اور یہ اقدام بلوچ عوام اور پشتونوں کی روایت کے بھی خلاف ہے۔ دہشت گردی کے ذمہ داران اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے ماضی میں لوٹ کھسوٹ کی ان سے عوام نے انتخابات میں انتقام لے لیا اور ان کی ضمانتیں ضبط ہوگئیں جبکہ وفاقی سطح پر احتساب کا ایک ایسا نظام بھی قائم کیا جارہا ہے جس کے تحت قومی دولت کو لوٹنے والوں کا خیر جانبدارانہ احتساب ہوگا اور یہ ادارہ حکومتی دسترس سے بھی آزاد ہوگا اور حکومت کا بھی احتساب کرسکے گا۔ رانا ثناءاللہ خان نے کہاکہ جنرل پرویز مشرف غدار ہے انہوں نے آئین توڑا، ان پر مقدمہ ضرور چلے گا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پنجاب میں اپنے وعدہ کے مطابق چھ ماہ کے اندر بلدیاتی انتخابات کروائے گی۔ اس کے لیے نظام وضع کیا جارہا ہے۔ فیصل آباد میں پولیس تشدد کے واقعہ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ جن چھ پولیس اہلکاروں نے گھر میں داخل ہوکر تشدد کیا انہیں معطل کردیا گیا اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جارہی ہے۔ ایم پی اے نگہت شیخ کی جانب سے بس کی ہوسٹس پر تشدد کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ انکوائری ہوگی اور ذمہ دار کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

مزید :

صفحہ اول -