پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں ،چین

پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں ،چین

  

                                                     بیجنگ(اے این این) چین نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی حمایت کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کی عالمی جنگ میں گرانقدرقربانیاں دیں اس کے ساتھ تعاون جاری رکھنا پورے خطے کی سلامتی و استحکام کے حوالے سے  اہم ہے ، اقوام متحدہ ایسٹ ترکمانستان اسلامک موومنٹ کو دہشت گردتنظیموں کی عالمی فہرست میں شامل کرے ۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہاﺅ چونیگ نے پریس بریفنگ میں کہاکہ چین نہ صرف قومی سلامتی کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا بلکہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے اس کے ساتھ دوطرفہ تعاون کوبھی فروغ دے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کی کارروائیوں سے متاثرہ ملک ہے اس نے انسداد دہشت گردی کی عالمی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا اور گرانقدر قربانیاں دیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان چین کا سدابہار سٹریٹجک شراکت دار اور ایک اچھا ہمسایہ ملک ہے اس لئے چین نے سٹریٹجک بنیاد پر پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی پہلے بھی حمایت کی اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ چین پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کےلئے تیار ہے کیونکہ نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ خطے کی سلامتی و استحکام کے حوالے سے بھی یہ اہم ہے ۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ایسٹ ترکمانستان اسلامک موومنٹ کو دہشت گرد گروپوں کی عالمی فہرست میں شامل کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس تنظیم کے خلاف جنگ انسداد دہشت گردی کی عالمی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔

مزید :

علاقائی -