ایف بی آر خوف و ہراس پیدا کرنے سے باز رہے:لاہور چیمبر آف کامرس

ایف بی آر خوف و ہراس پیدا کرنے سے باز رہے:لاہور چیمبر آف کامرس

  

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس حکام کو خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنے سے روکے کیونکہ اس سے کاروباری ماحول خراب ہو رہا ہے۔ الاہور چیمبر کے قائم مقام صدر میاں طارق مصباح نے ایک بیان میںکہا کہ لاہور چیمبر کے متعدد ممبران نے شکایات کی ہیں کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا عملہ انہیں تنگ کرنے کے لیے منفی اقدامات اٹھا رہا ہے تاکہ اپنے محاصل کے اہداف حاصل کر سکے۔ لاہور چیمبر کے ممبران نے بتایا ہے کہ کراچی کسٹمز پورٹ پر اشیاء کی کنسائمنٹس بلاجواز روک کر کاروباری برادری کو پریشان کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے تجارتی و صنعتی شعبے کو مراعات دے رہے ہیں لیکن ہمارے ہاں صورتحال اس کے برعکس ہے۔ میاں طارق مصباح نے کہا یہ افسوسناک ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی واضح ہدایات کے باوجود بیوروکریسی تاجروں اور صنعتکاروں کو پریشان کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران ، امن و امان کی صورتحال اور دیگر مسائل کی وجہ سے تجارتی و صنعتی شعبہ پہلے ہی بحران سے دوچار ہے جبکہ ایف بی آر حکام کاروباری برادری کو ریلیف دینے کے بجائے مزید مسائل پیدا کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ حکومت کے اچھے اقدامات کو آگے بڑھانا چاہتا ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ اسے بہترین کاروباری ماحول مہیا کیا جائے۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ پر زور دیا کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور ایف بی آر حکام کو منع کریں کہ تاجر برادری کو تنگ نہ کیا جائے۔

مزید :

علاقائی -