السیسی کی مصری کابینہ نے حلف اُٹھالیا

السیسی کی مصری کابینہ نے حلف اُٹھالیا
 السیسی کی مصری کابینہ نے حلف اُٹھالیا

  

قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مصر کے نو منتخب صدر فیلڈ مارشل (ریٹائرڈ) عبدالفتاح السیسی کی نئی کابینہ سے حلف اُٹھالیا۔ حلف برداری کی تقریب قاہرہ کے صدارتی محل میں ہوئی۔چار خواتین اور کئی ٹیکنو کریٹس پر مشتمل کابینہ کی سربراہی گذشتہ پانچ ماہ سے نگران وزیراعظم کی خدمات سرانجام دینے والے وزیر اعظم ابراہیم محلب کر رہے ہیں ۔ ابراہیم محلب، عبدالفتاح السیسی کے ہاتھوں مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی معزولی کے بعد سے وزارت عظمٰی کا عہدہ سنبھالنے والے دوسرے شخص ہیں۔

مصر کی تاریخ میں پہلی بار کسی کابینہ میں وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان شامل نہیں کیا گیا، وزارت اطلاعات کئی دہائیوں تک سرکاری میڈیا کو کنڑول کرتی رہی تاکہ اسے حکومتی موقف اور پالیسیوں کے حق میں عوامی حمایت حاصل کرنے کے لئے استعمال کیا جا سکے۔وزارت اطلاعات کی غیر موجودگی میں اب میڈیا اور پریس پر نظر رکھنے کے لئے ایک آزاد ادارے کے قیام پر زور دیا گیا ۔

عبدالفتاح السیسی نے گذشتہ ماہ صدارتی انتخاب میں اپنے مدمقابل کو بھاری ووٹوں سے شکست دینے کے بعد جون کے اوائل میں صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مصری صدر کا کہنا تھا کہ ملک کی سیکیورٹی اور معاشی حالت کو سنوارنا ان کی اولین ترجیح ہے، حسنی مبارک کی اقتدار سے بیدخلی کے بعد سے پیدا ہونے والے افراتفری کو ختم کریں گے اور ملک کے مستحکم مستقبل کے لئے کام کریں گے لیکن مصری حکومت اور شہریوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی رو رعایت نہیں کی جائے گی۔

مزید :

بین الاقوامی -