انتظامیہ کو ہوش نہ آئی ، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی رپورٹ تبدیل کرانے کیلئے افسران جناح ہسپتال پہنچ گئے

انتظامیہ کو ہوش نہ آئی ، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی رپورٹ تبدیل کرانے کیلئے افسران ...
انتظامیہ کو ہوش نہ آئی ، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی رپورٹ تبدیل کرانے کیلئے افسران جناح ہسپتال پہنچ گئے

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)پنجاب پولیس منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے بیریئرہٹانے کی آڑمیں آٹھ لوگوں کے قتل کے باوجود بازنہیں آئی اور میڈیکل رپورٹ تبدیل کرانے ، ہسپتال کے عملے کوکمیشن کے سامنے ممکنہ طورپر من پسند بیان ریکارڈ کرانے کے لیے  افسران جناح ہسپتال  پہنچ گئے جبکہ ہسپتال ذرائع نے بھی دباﺅ کی تصدیق کردی ،وزیراعلیٰ پنجاب نے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے آئے سول کپڑوں میں لوگوں کے ہمراہ معطل ایس پی ماڈل ٹاﺅن طارق عزیزاور ڈی ایس پی آفتاب پھلروان جناح ہسپتال پہنچے اور ایم ایس جناح ہسپتال کے کمرے کی کنڈیاں لگاکر عبدالرﺅوف اوردیگرڈاکٹروں کو راﺅنڈسے روکدیا۔ عینی شاہدین کے مطابق پولیس افسران کچھ سول کپڑوں میں ملبوس لوگوں کے ساتھ آئے او ر ایم ایس کو لے کر ساتھ والے کمرے میں گھس کر کنڈیاں لگالیں ۔

ہسپتال ذرائع کاکہناتھاکہ پولیس اور دیگرانتظامیہ دباﺅڈال رہی ہے کہ گولیاں لگنے سے آنیوالے زخموں کو پتھروں کے زخم میں تبدیل کریں اور مختلف بور کی گولیوں کی میڈیکل رپورٹ تشکیل دی جائے ۔ذرائع نے دعویٰ کیاکہ زخمیوں کو جلد ازجلد ہسپتال سے فارغ کرنے کےلئے بھی دباﺅ کاسامنا ہے۔ اے ایم ایس صلاح الدین کیساتھ ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کرنیوالے مسلم لیگ ق کے رہنماءکامل علی آغا نے بتایاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا سیکریٹری بھی ہسپتال میں موجودتھا۔

دروازہ بند ہونے کے بعد میڈیا کے نمائندوں کی بھاری تعداد جمع ہوگئی اور دروازہ کھلنے کے بعد تمام افراد الگ الگ ہوکر روانہ ہوگئے جبکہ ڈی ایس پی آفتاب پھلروان سے باربارکے استفسار کے باوجود اُنہوں نے موقف دینے سے گریز کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی ۔

ایم ایس کے کمرے سے باہرآنیوالے سول کپڑوں میں موجود اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ملازم سہیل نے موقف اپنایاکہ وہ کسی کی عیادت کیلئے آئے تھے ،وفاق کے ملازم ہیں اور تین سال کی چھٹی پر ہیں ۔

ساری صورتحال پر رانا ثناءاللہ کاکہناتھاکہ رپورٹیں تبدیل نہیں ہوسکتیں ، انتظامیہ کے اہلکاریا پولیس افسران اپنے ریکارڈکیلئے لسٹیں لینے گئے ہوں گے ، اگر میڈیا کا ایشو کنڈی ہی ہے تو کنڈی کے اندر ہونیوالی کارروائی سے بھی آگاہ کردیں ۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے ہسپتال میں خفیہ ”آپریشن“ کی خبر میڈیا پر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے ریکارڈ میں ردوبدل کا نوٹس لے لیااور اس ضمن میں سیکریٹری صحت اور پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی وزیراعلیٰ نے کہاتھاکہ وہ ذمہ داران کو کیفر کردارتک پہنچانے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے ۔

مزید :

قومی -