تھرپارکر:جرگہ نے شادی شدہ ہندو لڑکی کی زبردستی دوبارہ شادی کرا دی
تھرپارکر (ویب ڈیسک)صوبہ سندھ کے صحرائی علاقہ تھرپارکر کے گائوں کٹیاری میں جرگہ نے ایک شادی شدہ ہندو لڑکی کی 56 سالہ شخص سے زبردستی دوبارہ شادی کرا دی۔بتایا گیا ہے کہ ہندو لڑکی وادیا بائی مہگور اور اسکے کزن سوریش نے 4 مئی کو کراچی کی ایک عدالت میں شادی کی تھی ، تاہم کچھ روز بعد تھرپارکر کے معروف ارباب خاندان کے بااثر افراد لڑکی کو اسکے گھر سے مقامی رسم و رواج کے مطابق شادی کرانے کا وعدہ کر کے ساتھ لے گئے۔
سوریش کا کہنا ہے کہ لڑکی کو میرے حوالے کرنے کے بجائے اسکے بھائی گیان چند مہگور نے جرگہ کے فیصلہ کے تحت اسکی شادی ایک بڑھے شخص چیتن مہگور سے کردی ہے۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات اور لڑکی کی بازیابی کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ڈی ایس پی مٹھی بلاول حق مہر کا کہنا ہے کہ لڑکی کے بھائی اور رشتہ داروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔ سینئر پولیس افسروں نے لڑکی کو جلد بازیاب کرکے عدالت میں پیش کرنیکی ہدایت کی ہے۔انسانی حقوق کے مقامی کارکنوں نے جرگہ کی جانب سے زبردستی شادی شدہ ہندو لڑکی کی دوبارہ شادی کرانے کے معاملہ کی فوری انکوائری اور لڑکی کو تحفظ فراہم کرنیکا مطالبہ کیا ہے۔

