تحریک انصاف چوہدری نثار کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی یا نہیں ؟ آخر کار وہ خبر آ گئی جس کا سب کو بے صبری سے انتظار تھا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار سے انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے امکان کو رد کردیا۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پہلے ہی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام سرور خان کوچار میں سے تین نشستوں پر چوہدری نثار کے خلاف باضابطہ امیدوار نامزد کر دیا ہے۔
فواد چوہدری نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار نہ تو تحریک انصاف کا حصہ ہیں اور نہ ہی ان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے جبکہ وہ پہلے ہی آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ماضی میں کئی مرتبہ چوہدری نثار کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دے چکے ہیں لیکن انھوں نے عمران خان کی پیش کش کو نہ تو قبول کیا اور نہ ہی کوئی جواب دیا۔