پیپلزپارٹی اور ن لیگ کرپشن بچانے کیلئے عوام کا کندھا استعمال کررہے ہیں، مسرت جمشید

  پیپلزپارٹی اور ن لیگ کرپشن بچانے کیلئے عوام کا کندھا استعمال کررہے ہیں، ...

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی اپنی کرپشن کو بچانے کیلئے عوام کا کندھا استعمال کرنا چاہتے ہیں، ظہرانے کی آڑ میں ”میثاق کرپشن“ کی دوسری دستاویز کی تیاری کیلئے کئی گھنٹے پر مشتمل کے مذاکرات کے دو دور ہوئے۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کرپشن کے پیسے سے بنائے گئے جاتی امراء کے محل میں بیٹھ کر صرف کرپشن،کرپشن اور ابو،ابو کھیلا گیا لیکن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ملاقات میں ہونے والی بات چیت کے برعکس اعلامیہ جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی کرپشن اور لوٹ مار کو بچانے کیلئے عوام کا کندھا اور انہیں ایندھن کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ عوام اب با شعور ہو چکے ہیں وہ اپنے روشن مستقبل کو داؤ پر نہیں لگائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز نے پارٹی پر قبضہ کر لیا ہے اور اب دوسری جانب سے مزاحمت کا سلسلہ جاری ہے اور آنے والے دنوں میں قیادت کی جنگ مزید شدت اختیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول اپنے،اپنے والد کی کرپشن کے بوجھ کے ساتھ سیاست میں چوکے چھکے مارنے کی کوشش میں ہٹ وکٹ ہو جائیں گے۔ہم تو انتظار کر رہے ہیں کہ اپوزیشن سڑکوں پر آئے تاکہ انہیں اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے کہ عوام اپنا وزن کس کے پلڑے میں ڈالتے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -