تمام مسائل کا حل نفاذ نظام مصطفےٰ ؐمیں مضمر ہے، زوار بہادر

تمام مسائل کا حل نفاذ نظام مصطفےٰ ؐمیں مضمر ہے، زوار بہادر

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل نفاذ نظام مصطفےٰ ؐمیں مضمر ہے جب تک ملک نظام مصطفےٰؐ کی برکات سے مستفیذ نہیں ہوتا ملک و قوم کی مشکلات ختم نہیں ہونگی انہوں نے کہاکہ حکمران ریاست مدینہ کی اصل روح سے آگاہی حاصل کریں اگر یہاں رسول اکرمؐ کا نظام نافذ کردیا جائے تو اللہ تعالیٰ رحمت و برکت کے تمام دروازے کھول دے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ریاست مدینہ کا ماڈل زبانی نہیں عملی اقدامات سے ممکن ہو سکے گا۔ اس وقت ملک کا غریب طبقہ اپنی زندگی کی سانسیں جاری رکھنے کے لئے مشکلات سے دو چار ہے غریب کو سہولت دینے کے نام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔حکمران ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں اور عوام کو ریلیف دینے میں بُری طرح ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات، بجلی،گیس اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوش رباء اضافہ ہو چکا ہے جس سے غریب عوام کی اشیاء خریدنے کی قوت ختم ہوچکی ہے۔ایسے میں ملک کو ریاست مدینہ کا رول ماڈل کیسے بنایا جاسکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء پاکستان کے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حافظ نصیر احمد نورانی،رشید احمد رضوی،مفتی تصدق حسین،حافظ محمد سلیم اعوان اور محمد ارشد مہر بھی موجود تھے۔علامہ قاری محمد زوار بہادر کا کہنا تھا کہ اُمت مسلمہ اس وقت پوری دنیا میں مشکلات کا شکار ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ظلم روا رکھے ہوئے ہے فلسطین میں نہتے عوام پر اسرائیلی افواج کا ظلم وستم جاری ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ مل کر پاکستان کو نقصان پہچانے کے درپے ہے اسلامی ممالک کو اسلام دشمنوں کے خلاف مشترکہ اتحاد بنا کر ان کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -