غبن کیس ،دو گواہان کو حکم عدولی پر گرفتار اور پیش کرنے کے احکامات
پشاور(نیوزرپورٹر)احتساب عدالت پشاور کے جج نوید احمد خان نے پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے سابق ایکسین آصف کی ترقیاتی سکیموں میں غبن کرنے کے ریفرنس میں نامزد ایک ملزم اور دو گواہان کو حکم عدولی پر گرفتار کرنے اور عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ گزشتہ روز جب فاضل عدالت نے آصف خان وغیرہ کی ریفرنس کی سماعت شروع کی تو اس دوران ریفرنس میں نامزد ایک ملزم نثار خان ٹھیکیدار اور دیگر دو گواہان انوار الحق اور عبدا لجمیل کلرکس پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس کے بعد فاضل عدالت نے تینوںکے خلاف بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اُسے گرفتار کرنے اور11جولائی تک عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔