کراچی سے لاہور آنیوالی پرواز حادثہ سے بال بال بچ گئی
اسلام آباد(آن لائن)کراچی سے لاہور آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ذرائع کے مطابق نجی ائیرلائن کی پرواز کراچی سے لاہور آ رہی تھی کہ خراب موسم کے باعث جہاز بادلوں میں پھنس گیا۔ خراب موسم میں جہاز ائیرپاکٹ میں چلا گیا تاہم جہاز کے پائلٹ نے کمال مہارت سے جہاز کو ائرپاکٹ سے نکال لیا۔ جہاز کو ہنگامی طور پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر اتار لیا گیاہے۔ائرپورٹ ذرائع کے مطابق جہاز اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نجی ائیرلائن کا جہاز مسافروں کو لے کر کراچی سے لاہور آ رہا تھا کہ خراب موسم کے باعث ائرپاکٹ (فضاء میں ہوا کے کم دباؤ والا حصہ) میں پھنس گیا۔ ائرپاکٹ میں پھنسنے کے باعث جہاز حادثے کا شکار ہو سکتا تھا لیکن پائلٹ کی مہارت نے جہاز اور تمام مسافروں کی جان بچا لی اور جہاز کو باحفاظت اسلام آباد ائرپورٹ پر اتار لیا گیا۔دوسری جانب لاہور اور کراچی سے اسلام آباد جانے والی دو پروازوں کو لینڈنگ سے روک دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی دو پروازیں جو اسلام ائرپورٹ پر اتارنا تھیں انہیں خراب موسم کے باعث اسلام آباد ائرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہ مل سکی اور انہیں واپس بھیج دیا گیا۔
پرواز بچ گئی