صوبے کے تمام ڈویژ نل ہیڈ کوارٹرز میں بھی ثقافتی مراکز بنائیں جائیں گے، محمد عاطف خان
مردان (بیورورپورٹ)خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت وثقافت عاطف خان نے کہا ہے کہ مردان میں 40 کنال اراضی پر نشتر ہال پشاور کی طرز پر ثقافتی مرکز بنایا جائیگا جسکے لئے اراضی حاصل کی گئی ہے۔ضلع ناظم مردان احتشام خان کیساتھ مردان میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ مردان میں ثقافتی مرکز بننے سے علاقے میں ثقافتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں بھی ثقافتی مراکز بنائیں جائیں گے۔ضلعی ناظم نے سینئر وزیر کو ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مردان میں مختلف پارکس، بیوٹیفیکشن پراجیکٹ سمیت سڑکوں کی مرمت فلائی اوورز سپورٹس گراونڈ اور دیگر منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جو عنقریب مکمل ہوجائیں گے سینئر وزیر نے ضلعی ناظم کو ہدایت کی کہ وہ تمام منصوبوں کی خود نگرانی کریں اور معیار پر سمجھوتہ کرنے والے ٹھیکیداروں اور دیگر اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔