چارسدہ ، پی ٹی آئی کے ایم این اے کے ایماءپر زیر تعمیر پلازہ مسمار

چارسدہ ، پی ٹی آئی کے ایم این اے کے ایماءپر زیر تعمیر پلازہ مسمار

  

چارسدہ (بیو رو رپورٹ) محکمہ اوقاف کے زیر تعمیر پلازہ کو تحریک انصاف کے ایم این اے فضل محمد خان کی ایماءپر مسمار کیا گیا ۔ شر پسند عناصر نے حکومتی رٹ کو چیلنج کرکے دن دہاڑے پلازہ مسمار کر کے میٹریل بھی اٹھا کر لے گئے۔پولیس تماشہ دیکھتی رہی ۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف اس حوالے سے قانونی کاروائی کر یں۔ 2016سے محکمہ اوقاف کے مذکورہ پلازہ کے نقشہ پر دکاندار کراےہ ادا کر رہے ہیں۔ توصیف احمد اور دیگر کی ہنگامی پریس کانفرنس ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاپڑہ کورونہ اور گڑھی حمید گل کے مشتغل لوگوں کی طرف سے محکمہ اوقاف کے زیر تعمیر پلازہ کو مسمار کرنے کے حوالے سے متاثرہ تاجروں توصیف احمد ، افتخار اور دیگر نے میڈیا کو تفصیلات بتا تے ہوئے کہا کہ 2016میں سابق ڈپٹی کمشنر طاہر ظفر عباسی کے نگرانی میں ایف ایچ اے نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ اپریشن کیا تھا جس میں تنگی روڈ پر بر لب سڑک ٹی ایم اے کے کیبن بھی مسمار کئے گئے تھے ۔ بعد ازاں ٹی ایم اے اور محکمہ اوقاف کے مابین مذکورہ اراضی کی ملکیت پر تنازعہ کھڑا ہو ا جس کو حکومت نے محکمہ اوقاف کی ملکیت قرار دیا ۔ بعد ازاں محکمہ اوقاف نے اسی اراضی پر نقشہ بنا کر تاجروں سے دو ، دو لاکھ روپے دکانوں کے تعمیر کےلئے اکٹھے کئے اور 2016سے تاجروں کو نقشہ پر دکانات الاٹ کرکے باقاعدہ کراےہ وصول کر نا شروع کیا ۔ انہوں نے کہا کہ طویل انتظار کے بعد پلازہ کی تعمیر شروع ہوئی تو تحریک انصاف کے ایم این اے فضل محمد خان کے حجرے میں شر پسند عناصر کا اجلاس ہوا ۔اجلاس کے بعد شر پسند عناصر اکٹھے ہوئے اور انہوں نے اچانک زیر تعمیر پلازہ کو مسمار کر نا شروع کر دیا ۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پولیس کی بھاری نفری کی موجود گی کے باوجود شر پسند عناصر مذموم مقاصد میں کامیاب ہو ئے اور پلازہ گرانے کے بعد تعمیراتی میٹریل بھی اٹھا کر لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ شر پسند وں نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا ہے ۔ حکومت ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف اس حوالے سے قانونی کاروائی کریں اور تاجروں کو بے روزگا ر کرنے سے بچا دیں ۔

مزید :

صفحہ اول -