وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملنے پہنچ گئیں

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملنے ...
وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملنے پہنچ گئیں

  


نیویارک (ویب ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیفِ غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی اور پاکستان میں صحت اور ترقیاتی کاموں پر زور دیا جبکہ ملک سے انسداد پولیو مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ ملاقات امریکا میں گیٹس فائونڈیشن کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی۔واضح رہے کہ بل گیٹس کے فلاحی ادارے گیٹس فائونڈیشن دنیا بھر میں صحت اور ترقیاتی کاموں کے لیے اہم معاون رہا ہے۔پاکستان میں بھی بل گیٹس فائونڈیشن کام کر رہی ہے جبکہ یہاں اس کی سب سے بڑی توجہ ملک سے پولیو کے خاتمے پر ہے، جبکہ نئی دوائیں متعارف کروائی جارہی ہیں اور حفاظتی ٹیکوں کو موثر بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان اور پاکستان دنیا کے وہ دو ممالک ہیں جہاں اب تک پولیو کے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں جبکہ پوری دنیا سے اس مرض کا خاتمہ کیا جاچکا ہے۔ملاقات کے دوران ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بل گیٹس نے پاکستان میں اہم شراکت داریوں پر بات چیت کی جس میں انسداد پولیو مہم، معمول کے حفاظتی ٹیکوں اور عام لوگوں کیلئے ڈیجیٹل مالی سروسز تک رسائی میں بہتری شامل ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں موبائل بینکنگ اکائونٹس استعمال کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔گیٹس فائونڈیشن اس کام کو بڑھانے میں اپنے مقامی پارٹنر کرنداز کے ساتھ کام کر رہا ہے، جس میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) شامل ہے جس کی سربراہی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کر رہی ہیں۔

فلاحی ادارہ کے کام کی توجہ زیادہ تر بی آئی ایس پی بنیفشریز کو درپیش صحت، تعلیم، ذریعہ معاش جیلنجز پر مرکوز ہوگی۔بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بل گیٹس نے حکومت پاکستان کی جانب سے ترجیحی علاقوں میں بچوں میں غذائی قلت کو دور کرنے کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

مزید : بین الاقوامی