ہارٹ آف دبئی الکرامہ میں کیفے میوزیکلی کا افتتاح
دبئی (طاہر منیر طاہر) ہارٹ آف دبئی الکرامہ میں پاکستان کے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان بزنس مین حیدر علی نے لوگوں کی تفریح طبع کے لئے ”کیفے میوزیکلی“ کے نام سے شیشہ کیفے کا افتتاح کیا ہے۔ ویسے تو دبئی میں بے شمار شیشہ کیفے موجود ہیں جو مختلف ممالک کے لوگوں نے قائم کررکھے ہیں لیکن منفرد انداز اور منفرد نام کا یہ کیفے اپنی مثال آپ ہے۔
حیدر علی کا قائم کردہ کیفے میوزیکلی دبئی کی گنجان آبادی الکرامہ میں واقع ہے جسے ہارٹ آف دبئی بھی کہا جاتا ہے۔ الکرامہ کی مین روڈ پر واقع یہ کیفے بہت دلکش انداز میں سجایا اور سنوارا گیا ہے۔ جگمگاتا ہوا بیرونی دروازہ پر آنے جانے والے کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے جبکہ اندرونی طور پر کیفے کو رنگ بدلتی خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ گاہکوں کے بیٹھنے کے لئے خوبصورت اور آرام دہ فرنیچر مہیا کیا گیا ہے جبکہ مختلف ذائقوں کا شیشہ اور انٹرکانٹی نینٹل فوڈز بھی گاہکوں کی تفریح طبع کے لئے دستیاب ہیں۔ اس کیفے کا افتتاح خود حیدر علی، اشفاق، فراز اور گرجنت نے کیا۔ کیفے کے افتتاح کے وقت ربن کاٹنے کے موقع پر بہت سے لوگ موجود تھے جنہوں نے زوردار تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا اور کیفے کے اونر حیدر علی کو مبارکباد دی۔
ایک ملاقات کے دوران حیدر علی نے بتایا کہ دن بھر کے تھکے ماندے لوگوں کی تفریح طبع کے لئے میوزیکلی کیفے بہترین جگہ ہے جہاں طرح طرح کے کھانوں، مختلف ذائقوں کے شیشہ اور مسلسل موسیقی سے گاہکوں کو مطمئن کیا جاتا ہے اور خوشی فراہم کی جاتی ہے۔ حیدر علی نے بتایا کہ میوزیکلی کیفے ہر کسی کی پہنچ میں ہے جبکہ انتہائی مناسب ریٹ ہونے کی وجہ سے دنیا کے مختلف ممالک کے لوگ روزانہ رات کو یہاں آتے ہیں۔ حیدر علی نے کہا کہ یہ ان کا پہلا تجربہ ہے جبکہ وہ مستقبل میں مزید اسی طرح کے کیفے بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔