جاپان میں 6 اعشاریہ 8 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری
ٹوکیو (ڈیلی پاکستان آن لائن) جاپان میں زیر سمندر آنے والے 6 اعشاریہ 8 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ابتدائی رپورٹس سے پتہ چل رہا ہے کہ ملک کے شمالی حصے میں اس زلزلے کے بعد بڑی بڑی لہریں ساحلوں سے ٹکرانا شروع ہوگئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے یاما گاتا، نی گاتا اور اشیکا وا کے خطوں میں سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ زلزلے کے بعد آنے والی ابتدائی رپورٹس میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق 6 اعشاریہ 8 شدت کے زلزلے کا مرکز ہونشو جزیرے سے 53 کلومیٹر شمال مشرق کی جانب تھا جس کی گہرائی 7 میل زیر سمندر ریکارڈ کی گئی۔ ریسکیو اداروں کی جانب سے لوگوں کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ سونامی دیکھنے کے چکر میں سمندر کے قریب نہ جائیں اور ساحلوں کے قریب رہائش پذیر لوگ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔