’ اسحاق ڈار کے ساتھ ایان علی کو بھی واپس لایا جارہا ہے‘ سینئر تجزیہ کار شاہد مسعود کا بڑا دعویٰ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا ہے کہ اسحاق ڈار کے ساتھ ایان علی کو بھی واپس لایا جارہا ہے، وزیر اعظم کی جانب سے انکوائری کمیشن کے سربراہ مقرر کیے جانے والے حسین اصغر بدمعاشیہ کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہیں، 2سال کے اندر ان کے 17سے 18 ٹرانسفر ہوئے ہیں۔
نجی ٹی وی جی این این کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا ہے کہ سب لوگ پھنس چکے ہیں اب کوئی بھی احتساب سے نہیں بچے گا، اب یہ لوگ جو بھی کرلیں اس سے نکل نہیں سکتے، ملک کا بدمعاشیہ اب بچ نہیں سکتا۔ حکومت اسحاق ڈار کو واپس لارہی ہے اور ان کے ساتھ ایان علی بھی واپس آرہی ہیں۔
ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ وزیر اعظم نے نیب کے جس ڈپٹی چیئرمین حسین اصغر کووزیراعظم انکوائری کمیشن کا سربراہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے وہ بدمعاشیہ کیلئے ایک ڈراؤنا خواب ہیں۔ بطور پولیس افسر 2 سال کے دوران ان کے 17 سے 18 ٹرانسفر ہوئے تھے کیونکہ یہ کسی کی سفارش نہیں مانتے۔ یہ ایسی شخصیت ہیں جو اپنے کام سے کام رکھتے ہیں اور کسی کی نہیں سنتے۔ ان کے کیرئیر پر کوئی داغ نہیں ہے، مخالفین بھی کہتے ہیں کہ یہ شخص کسی کی بات نہیں سنتا اور صرف اپنا کام کرتا ہے۔