امیر قطر کے دورہ سے پاکستان کو کیا ملے گا ، حکومتی رکن نے بڑی خوشخبری سنادی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہاہے کہ ا میر قطر پاکستان آرہے ہیں اور پاکستان میں قطر کی جانب سے 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کی جائے ، آج دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“میں گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا سپیکر کا اختیار ہے ، وزیر اعظم کی طرف سے ایسی کوئی بات نہیں ہے ، ہمارا موقف واضح ہے ، علیم بھی گرفتار ہوئے ہیں، سبطین خان بھی گرفتار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی مذاق تو نہیں ہے ، پہلے آپ کہتے تھے کہ جیل ہمارا گھر ہے لیکن جب پکڑ گئے ہیں تو وہاں گارڈ بھی چاہئے اور مالی بھی چاہئے اور قومی اسمبلی میں بھی آنے دیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اس سے پہلے بھی گرفتار ہوئے ہیں لیکن کتنی مرتبہ اسمبلی آئے ہیں ، اس کا ریکارڈ بھی چیک کرلیں۔ان کا کہناتھا کہ اپوزیشن ایک ادارہ بھی بتا دے جس کو منافع میں چھوڑ کرگئی ہو، سوائے خسارے کے اور کچھ نہیں چھوڑ کرگئے ۔ ان کا کہناتھا کہ اب عمران خان ملک کے لئے کام کررہے ہیں، امیر قطر پاکستان آرہے ہیں اور قطر کی جانب سے پاکستان میں 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کی جائے گی ، آج دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے ۔