کورونا سے ترقیاتی عمل متاثر نہیں ہو گا، کرپشن کا خاتمہ حکومت کی ترجیح: عثمان بزدار

کورونا سے ترقیاتی عمل متاثر نہیں ہو گا، کرپشن کا خاتمہ حکومت کی ترجیح: عثمان ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ترقیاتی عمل کی رفتار کو متاثر نہیں ہونے دیں گے،مشکل معاشی حالات کے باوجود ترقیاتی بجٹ میں 5 ارب روپے کا اضافہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک، راولپنڈی، جہلم اور دیگر شہروں کے ارکان صوبائی اسمبلی سے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب کے ہر شہر تک ترقی کے ثمرات یکساں پہنچیں گے،تمام اضلاع میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زیرتکمیل ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرایا جائے گا۔ترقیاتی منصوبوں کیلئے عوامی نمائندوں کی تجاویز اور مشاورت کو اہمیت دی جائے گی۔عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کے باعث معمولات زندگی بدل رہے ہیں،شہری ایس او پیز پر عملدرآمدکر کے بیماری کا پھیلاؤ کم کرسکتے ہیں جبکہ شدید متاثرہ علاقوں کو سیل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ماضی کا روایتی طریقہ کار اب نہیں چلے گا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے جائزکام ہر صورت ہوں گے اور ان کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ارکان اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات نوٹ کیں اور فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری،صوبائی وزیر ملک اسد علی کھوکھر،ارکان اسمبلی میاں محمد فرخ، ممتازمانیکا،احمد شاہ گھگہ،محمد نعیم،سردار احمد علی خان دریشک اورمحمد اشرف خان رند، سید یاور عباس بخاری، راجہ صغیر احمد، چودھری محمد عدنان، عمر تنویر، اعجاز خان، ملک تیمور مسعود، راجہ یاور کمال خان، طاہر رندھاوا اور ظفر اقبال شامل تھے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرپشن کے ناسور کا خاتمہ ہماری حکومت کی ترجیح ہے، پنجاب میں کرپشن کے خلاف نو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی۔انہوں نے قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیاء کی سرکوبی کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔مزید برآں وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر محکمہ اینٹی کرپشن نے پنجاب بھر میں سرکاری اراضی پر قابض افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے 6ماہ کے دوران ایک ارب40کروڑ روپے مالیت کی تقریباً1400کینال اراضی واگزار کرلی۔محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی موبائل ایپ پر 6ماہ کے دوران2809شکایات موصول ہوئی۔شکایات پر140 انکوائریز شروع کی گئیں۔17لاکھ روپے کی کیش ریکوری بھی کی گئی۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -