سینیٹ، ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہیں، الاؤنسز ترمیمی بل منظور

سینیٹ، ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہیں، الاؤنسز ترمیمی بل منظور

  

اسلام آباد(آئی این پی)سینیٹ نے اراکین پارلیمنٹ کیلئے(تنخواہیں اور الاؤنسز) کا (ترمیمی) بل منظور کر لیا، بل کے مطابق ہر رکن پارلیمنٹ کو 25 ایئر ٹکٹس کے بجائے اس کے برابر ٹریول ووچرز مل سکیں گے، بل کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر حماد اظہر نے بل کی مخالفت کی جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ بل حکومت نے اسمبلی میں پیش کیا تھا، جبکہ سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ یہ کمیٹی سے بل واپس کر سکتے تھے، حکومت نے بل لایا ہے،اس دوران اپوزیشن ارکان کی جانب سے حکومت کے خلاف شیم شیم کی آوازیں بھی لگائی گئیں۔بدھ کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا،اجلاس میں سینیٹر میاں عتیق شیخ نے اراکین پارلیمنٹ(تنخواہیں اور الاؤنسز)کا(ترمیمی)بل 2020پر قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد انہوں نے بل منظوری کیلئے پیش کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے بل پر رائے شماری کرائی جس کے بعد بل کو منظور کر لیا گیا۔بل کے مطابق ایک رکن پارلیمنٹ کو 25ایئر ٹکٹس کے بجائے اس کے برابر ٹریول ووچرز مل سکیں گے،ارکان پارلیمنٹ کو پہلے سالانہ پچیس ایئر ٹکٹ کی اجازت تھی۔رکن پارلیمنٹ کے اہل خانہ بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔دریں اثناء سینیٹ میں بجٹ پر بحث کرتے ہوئے سینیٹرز جاوید عباسی، مولانا عبدالغفور حیدری، سسی پلیجو اور کلثوم پروین کہا ہے کہ معیشت کو موجودہ حکمرانوں نے ریورس گیئر لگا دیا ہے،حکومت کی کارکردگی صفر رہی ہے، حکومت نے زراعت اور صنعت کو بیمار کر دیا ہے۔ یہ تاریخی بجٹ ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔پنشن میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ یہ قوم کی جان چھوڑیں اور آرام سے استعفیٰ دے کر چلے جائیں۔پنشنرز نے ملک کی بڑی خدمت کی ہے،اس مہنگائی میں بھی حکومت نے ان پر ترس نہیں کھایا،مہنگائی چار سو فیصد بڑھ گئی ہے تنخواہیں کیوں نہیں بڑھیں،چینی آٹا غریب کی پہنچ سے دور ہے یہ مزدور دشمن بجٹ ہے۔ایف بی آر کے کیسز نیب میں کیوں نہیں جاتے۔ ٹیکس کلیکشن ان کی ذمہ داری ہے، اس ادارے میں دو سالوں میں کوئی کارکردگی ہمیں نظر نہیں آئی۔

بل منظور

مزید :

صفحہ آخر -