محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے کراچی سے باہر جانے والی مسافر بسوں کے پرمٹ منسوخ کر دیئے
کراچی(آئی این پی) محکمہ ٹرانسپورٹ کی غفلت سے پابندی کے باوجود کراچی سے بین الاضلاعی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ چلنے لگی، کاٹھور سے اندرون صوبہ اور ملک کیلئے ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی جارہی ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے بسوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنا شروع کردیے۔کراچی میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین اور ایس او پیزکی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی تیزکردی، تفصیلات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایک اعلامیے کے مطابق کراچی سمیت دیگر شہروں کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی گئی ہے محکمہ ٹرانسپورٹ نے ہر ضلع کیلئے الگ الگ کمیٹی تشکیل دی ہے۔اعلامیے کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں 7رکنی کمیٹی خلاف قانون چلنے والی ٹرانسپورٹ کوروکنے کیلئے اقدامات کرے گی اس ضمن میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں صرف انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کی اجازت ہے بین الاضلاعی و بین الصوبائی ٹرانسپورٹ چلانا ممنوع ہے، دریں اثنا ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے نافذ کی گئی احتیاطی تدابیر (ایس او پیز) پر عمل نہ کرنیوالے 415 رکشوں کے ڈرائیوروں کا 2 لاکھ 64 ہزار 800 روپے چالان کیا گیا ہے۔9646 گاڑیوں کے ڈرائیوروں کا 23 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے منی بسوں اور کوچز کے ڈرائیوروں کے خلاف جرم دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
مسافر بسیں