سرمایہ دار دولت سمیٹ کرلوگوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں، لیاقت بلوچ

  سرمایہ دار دولت سمیٹ کرلوگوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں، لیاقت بلوچ

  

ملتان(سٹی رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے سیکر ٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ دنیا بھر کی ریاستوں، آمریتوں، جمہوری حکومتوں نے طاقت، جبر اور وحشیانہ کردار سے دنیا پر راج کیا ہے۔ آج انسانیت کورونا وباء، معاشی تباہی سے دوچار ہے لیکن یہ قوتیں اپنی طاقت اور اختیار کیوں استعمال نہیں کررہیں۔ دنیا بھر کے سرمایہ داروں کے پاس جو سرمایہ 7ارب عام انسانوں سے کمایا ہے اب انسان مشکل میں ہیں سرمایہ داروں سے وسائل لے کر، چھین کر عام آدمی کی مدد کیوں نہیں کی جارہی، انسانوں کے خون پسینہ کی کمائی تو لوٹ لی گئی لیکن دولت کو تالا لگا کر اللہ کی مخلوق کی جانوں سے کھیلا جا رہا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ اللہ اور محمد کے احکامات اور نظام سے دنیا نے منہ موڑا اور بغاوت کی آج انسانوں کو نفرتوں، تعصبات، نسل پرستی اور سماجی، اقتصادی استحصال کا شکار کردیا گیا ہے۔ امریکہ اور یورپ انسانی حقوق، علم تحقیق اور سائنس وٹیکنالوجی کے علمبر دار ہیں لیکن یہ عیاں ہوگیا ہے کہ امریکہ اور یورپ میں نسل پرستی کا نظام مسلط ہے۔ امریکہ میں سیاہ فام ہی نہیں سفید فاموں کے علاوہ سب ہی امتیازی رویوں، ظلم وتشدد اور جانبدارانہ عدالتی نظام کا شکار ہیں۔ امریکی نسل پرست نظام کے خلاف تمام مایوس امریکی، نسل پرستی کیخلاف زبردست تحریک کا حصہ بن گئے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے فاشسٹ نریندر مودی کی دوستی سے یہ سیکھ لیا کہ ہے کہ صدارتی انتخابات جیتنے کیلئے نسل پرستی کا مکروہ کھیل کھیلا جائے جیسے ہندوستان کی قیادت سیاست اور انتخاب کیلئے کشمیریوں، اقلیتوں اور پاکستان کیخلاف شر اور فساد پیدا کرتی ہے۔

لیاقت بلوچ

مزید :

ملتان صفحہ آخر -