جنرل ہسپتال کے آئی سی یو اور ایچ ڈی یونٹس میں توسیع

جنرل ہسپتال کے آئی سی یو اور ایچ ڈی یونٹس میں توسیع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر ہسپتال میں HDU اور انتہائی نگہداشت وارڈ میں مزید توسیع کر دی تاکہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔پروفیسر آف یورالوجی ڈاکٹر محمد نذیر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے بتایا کہ گردہ و مثانہ وارڈ کو کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لئے مخصوص کر دیا گیا ہے۔

جہاں 35بستروں پر مشتمل HDU ہوگا جبکہ10بیڈز بمعہ وینٹی لیٹر آئی سی یو کے لئے دستیاب ہوں گے تاکہ کورونا کے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ اس حوالے سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین پروفیسر ڈاکٹر سردار محمود الفرید ظفر نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم کرنے کے لئے عوام کو ایک صفحے پر متحد ہونا ہوگا اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ حکومتی ایس او پیز اور طبی ماہرین کے مشوروں پر عمل کر کے اس وبا کا راستہ روکیں۔پروفیسر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں پی جی ایم آئی، امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے تمام انسانی و مالی وسائل کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے پر خرچ کیے جا رہے ہیں اور ادارے کے تمام ڈاکٹرز،نرسز و پیرا میڈیکل سٹاف مریضوں کی انتہائی توجہ سے دیکھ بھال کر رہا ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اس مہلک وبا کے خاتمے تک ادارے کے تمام ملازمین ہمہ وقت الرٹ رہیں گے اور کورونا وائرس سے نمٹنے اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا اور پنجاب حکومت کی ہدایات پر زیادہ سے زیادہ عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔