لاک ڈاؤن پر بزنس کمیونٹی کے تحفظات متعلقہ اداروں کے نوٹس میں لائے جائینگے، آئی جی پی

لاک ڈاؤن پر بزنس کمیونٹی کے تحفظات متعلقہ اداروں کے نوٹس میں لائے جائینگے، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹی رپورٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی نے بزنس کمیونٹی کو یقین دہانی کروائی ہے کہ پاک افغان باہمی تجارت ٹرانزٹ ٹریڈ اور ایکسپورٹ میں درپیش مسائل کے فوری حل کرنے اور کورونا لاک ڈان پر بزنس کمیونٹی کے تحفظات کے بارے میں حکومت اور متعلقہ اداروں سے بات چیت کریں گے جبکہ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر شاہد حسین نے مطالبہ کیاکہ لاک ڈان میں نرمی لاکر اوقات کار کو رات 9بجے تک بڑھایا جائے تاکہ بازاروں میں زیادہ رش نہ ہو اور کورونا کے پھیلا کے چانسز بھی کم سے کم ہو۔ پاک افغان باہمی تجارت ٹرانزٹ ٹریڈ کے کاروبار کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور پاک افغان شاہراہوں پر موجود بدانتظامی جس میں کرپشن کا عنصر شامل ہے کا فوری ازالہ کیا جائے۔صوبہ بھر بالخصوص صوبائی دارالحکومت پشاور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے تاجر برادری کو تحفظ دینے اور ڈکیتی راہزن اور بھتہ خوری کے واقعات کے تدارک کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے آئی جی پی خیبر پختونخوا کی وساطت سے بارڈرز مینجمنٹ سے اپیل کی ہے کہ ٹرانزٹ ٹریڈ کی وجہ سے ملکی ایکسپورٹ شدید زبوں حالی کا شکار ہے کیلئے بھی یکساں پالیسی جائے جس کے تحت ایک دن ٹرانزٹ ٹریڈ اور ایک دن ایکسپورٹ کی گاڑیوں کو گذرنے کی اجازت دی جائے یا پھر باڑہ میں قائم پارکنگ میں ٹرانزٹ ٹریڈ اور ایکسپورٹ کی گاڑیوں کیلئے الگ الگ جگہ مخصوص کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سرحد چیمبر کے دورہ کے موقع پر سرحد چیمبر کے قائمقام صدر شاہد حسین کی زیر صدارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یونائیٹڈ بزنس گروپ کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور سرحد چیمبر کے نائب صدر عبدالجلیل سابق صدر ایف پی سی سی آئی غضنفر بلورچیف کیپٹل سٹی پولیس آفیسرپشاور محمد علی گنڈاپور ایس ایس پی آپریشن پشاور ظہوربابر آفریدی سرحد چیمبر کے سابق صدور ریاض ارشد زاہداللہ شنواری حاجی محمد افضل سرحد چیمبر کی لا انفورسٹمنٹ ایجنسیز لیزان سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین عمران اسحق چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین آفتاب اقبال احسان اللہ شمس الرحیم مجیب الرحمان محمد نعیم بٹ غلام بلاول جاوید سرحد چیمبر اور پاک افغان جائنٹ چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر ضیا الحق سرحدی سابق چیئرمین آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن منظور الہی سمیت پولیس کے اعلی افسران تاجروں صنعتکاروں اور مختلف بازاروں کے یونین اور ایسوسی ایشنز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ سرحد چیمبر کے قائمقام صدر شاہد حسین نے کہاکہ پاک افغان باہمی تجارتٹرانزٹ ٹریڈ کا کاروبار ملکی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جو کہ ملکی زرمبادلہ میں اضافہ روزگار کی فراہمی سمیت معیشت کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے تاہم کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونیوالی صورتحال میں پاک افغان باہمی تجارت شدید متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پشاور سے لیکر طورخم بارڈر تک مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع خیبر اور آئی جی ایف سی سے اپیل کی کہ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی اس نازک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی تجارت میں درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے اقدامات کریں اور پاک افغان شاہراہوں پر موجود بدانتظامی کو بھی ختم کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کورونا لاک ڈان میں نرمی لاکر دکانوں اور مارکیٹوں کو رات 9 بجے تک کھلنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ تاجر برادری ملک کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں لہذا ان کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے شہر کے بازاروں مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ چوری راہزنی کی وارداتیں بزنس کمیونٹی اور عوام کے لئے اذیت کا باعث بنی ہوئی ہیں اور کورونا وبا نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔ لہذا ایسے واقعات کا تدارک کیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی جی پی ان معاملات اور مسائل کے حل کیلئے اپنا موثر کردا ر ادا کریں گے۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی اور معیشت کا زیادہ تردارومدار پاک افغان باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے کاروبار سے منسلک ہے جس میں تاجر برادری ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کو بے شمار مسائل درپیش اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارت متاثر ہو رہی ہے اور ملک کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاک افغان باہمی تجارت ٹرانزٹ ٹریڈ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ دعوی کرتے تھے کہ ملک میں کرپشن اور رشوت کا خاتمہ کریں گے ان کے آنے میں کرپشن اور رشوت میں کمی نہیں آئی بلکہ مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سمار ٹ لاک ڈان سے بہتری کی امید نہیں کی جاسکتی کیونکہ اگر پہلے دن سے مکمل لاک ڈان کیا جاتا تو آج صورت حال مختلف ہوتی۔ ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر غضنفر بلور نے کہاکہ حالیہ کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے باعث ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں بے روزگاری لوٹ مار اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی ایس او پیز کے نفاذ پر عملدرآمد کے دوران تاجر برادری کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔ سرحد چیمبر کے سابق صدر ریاض ارشد نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس اپنی پرانی روایت کوبرقرار کھے اور کورونا لاک ڈان میں پولیس کے نامناسب رویے کی وجہ سے یہ روایت ختم نہ ہوجائے۔سرحد چیمبر کے سابق صدر زاہداللہ شنواری نے کہاکہ پرامن ماحول کاروبار اور صنعتی ترقی کیلئے اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی حکومت پولیس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہر وقت تعاون کرنے کے لئے تیار ہے لیکن بزنس کمیونٹی جو کہ مختلف قسم کے ٹیکسز ادا کرکے ملک کی معاشی ترقی میں ایک بڑا کردار ادا کر رہی ہے ان کے مسائل پر توجہ دی جائے اور حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے پاک افغان باہمی تجارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے عدم تسلسل کے باعث دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی حجم 3 ارب ڈالرز سے کم ہوکر ایک ارب ڈالر ز تک آگیا ہے۔ انہوں نے پاک افغان بارڈرز پر کرپشن اور رشوت کا خاتمہ کیا جائے تاکہ پاک افغان تجارت کو مزید بڑھایا جائے اور تاجروں ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کے مشکلات دور ہوسکیں۔ سرحد چیمبر کے سابق صدر حاجی محمد افضل نے کہاکہ تاجروں اور پولیس پر یکساں ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ کورونا کی صورتحال میں ایک دوسرے سے تعاون کریں لیکن ضلعی انتظامیہ کی وجہ سے تاجر برادری کو کچھ مشکلات درپیش ہیں جس کے ازالہ کے لئے اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ صحت اور تعلیم کے شعبے بالخصوص نجی تعلیمی اداروں پر بھی توجہ دینی چاہئے کیونکہ اس سے ملک کے بچوں کا مستقبل وابستہ ہے اور تعلیمی اداروں کو بھی ریلیف دیا جائے۔ سرحد چیمبر کے نائب عبدالجلیل جان نے کہاکہ حکومت اور متعلقہ ادارے بزنس کمیونٹی سے باہمی مشاورت کے بعد پالیسیوں کو نافذ العمل کریں تاکہ ان پالیسیوں کے ذریعے دوررست نتائج حاصل ہوں۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کے لئے کلاشنکوف کے اسلحہ کے لائسنس کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ سابق چیئرمین اپشیا منظور الہی نے پاک افغان باہمی تجارت اور ایکسپورٹ میں حائل رکاوٹوں اور مسائل کو حل کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین محمد نعیم بٹ غلام بلاول جاوید مجیب الرحمان ملک عمران اسحق اورضیا الحق سرحدی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اوربزنس کمیونٹی کو کورونا لاک ڈان کی وجہ سے درپیش مسائل سے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی کو تفصیلا آگاہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس کاروبار اور صنعتی ترقی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی کو پاک افغان باہمی تجارت ٹرانزٹ ٹریڈ اور ایکسپورٹ کو وسعت دینے کے لئے 100فیصد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کیلئے متعلقہ انتظامیہ بات چیت کریں گے اور ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کرپشن اور رشوت لینے کی پاداش میں پولیس کے 75 اہلکاروں کو معطل کیاگیا ہے جبکہ 70 کو برطرف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا سے قبائلی علاقہ جات ضم ہونے کی بنا پر اسمگلنگ کرپشن اوررشوت کی روک تھام اور ایکسپورٹ کو بڑھانا ہے۔